ترال( پلوامہ): جموں کشمیر اپنی پارٹی کی جانب سے جمعرات کے روز ستورہ ترال میں ایک چناؤی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں جموں کشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر، سینیئر لیڈر یاور دلاور میر، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، ڈی ڈی سی ممبر آری پل منظور گنائی کے علاوہ پارٹی کے دیگر عہدیداران، کارکنان اور لوگوں کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی وائس پریزیڈنٹ غلام حسن میر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی امن مخالف جماعتیں ہے۔ ان پارٹیوں نے جموں کشمیر میں بدامنی پیدا کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں جذباتی نعرے بازی کر کے اپنا ووٹ بینک مضبوط کر رہی ہیں۔ میر نے کہا کہ ان جماعتوں نے جموں کشمیر کے جوانوں کو بندوق، پیلٹ، بےروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ 'ان جماعتوں کی غلط پالسیوں کی وجہ سے یہاں کے نوجوان قبرستانوں کی زینت بن گئے۔'
مزید پڑھیں: جب میرا وقت آئے گا پوری بی جے پی میرے ساتھ ہوگی: الطاف بخاری
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے غلام حسن میر نے بتایا کہ فرضی انکاؤنٹرس میں ملوث یہاں کی سیاسی پارٹیوں کے خلاف اب محاذ کھلنے والا ہے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی پارٹی نے شمالی کشمیر سے سجاد غنی لون کی اس لیے حمایت کی کیونکہ وہ بھی ان طاقتوں کے خلاف صف آرا ہیں، جن کے خلاف ہم ہیں۔