پلوامہ : ضلع پلوامہ کے داڈورہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان عامر احمد وانی کو پرو کبڈی لیگ میں جگہ ملی ہے ۔جس کے لیے انہیں 9 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت کے ساتھ منتخب کیا گیا ہے۔ عامر کا کہنا ہے کہ انہیں کبڈی کا شوق بچپن سے تھا۔ عامر مڈ لائن اکیڈمی ممبئی میں گزشتہ چار سالوں سے تربیت حاصل کررہے ہیں اور انہیں پرو کبڈی کی نیلامی میں جےپور پنک پینتھرس کی جانب سے خریدا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں آئندہ مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ میرا حتمی مقصد ہندوستان کی نمائندگی کرنا ہے۔
عامر نے اپنے کوچ انیکیت مہاترے اور جموں وکشمیر کبڈی ایسوسی ایشن کا اپنے سفر کے دوران تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انڈور اسٹیڈیم موجود ہیں، خطے کے زیادہ تر نوجوان کرکٹ میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں، جب کہ کبڈی کو بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔ جموں و کشمیر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ اگر نوجوان کبڈی میں دلچسپی لیتے ہیں تو وہ ملکی سطح پر اپنا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
عامر کے والد عبدالحمید وانی نے کہا کہ عامر کے کبڈی کے شوق کو سب سے پہلے ڈگری کالج میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچر نے پہچانا۔ انہوں نے ہی عامر کو اس کھیل کو آگے بڑھانے کی ترغیب دی اور انہیں تربیت کے لیے سرینگر لے گئے۔ اور عامر اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ممبئی چلے گئے عامر کو اس دوران مالی مشکلات سمیت متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بہتر انفراسٹرکچر فراہم کریں اور کہا کہ جموں وکشمیر میں بہت سے باصلاحیت نوجوانوں موجود ہے جو ملکی سطح پر محتلف کھیلوں کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
کوچ انیکیت مہاترے نے عامر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں ان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بہتر بنیادی ڈھانچے کو تیار کرے اور کہا کہ اس خطے میں بہت سے باصلاحیت نوجوانوں جن کو ایک صحیح راستے پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے اور یہ نوجوانوں ملکی سطح پر کھیلوں کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
عامر پہلے ہی 2021 میں ایودھیا، اتر پردیش میں منعقد ہونے والی پرو کبڈی سیریز میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ پرو کبڈی لیگ جسے اسپانسرشپ کی وجوہات کی بناء پر ویوو پرو کبڈی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ہندوستان کی پریمیئر پروفیشنل کبڈی لیگ ہے۔ 2014 میں شروع کی گئی یہ دنیا کی سب سے مقبول کبڈی لیگ ہے اور انڈین پریمیئر لیگ کے بعد ہندوستان میں دوسری سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اسپورٹس لیگ ہے۔