سمبل (بانڈی پورہ): شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں پیر کو وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی بجلی کرنٹ لگنے سے موت واقع ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق 27سالہ محمد اسحاق خان ساکنہ وارپورہ، بڈگام شمالی کشمیر کے تریگام، سمبل، بانڈی پورہ میں بحیثیت ماربل کاریگر کام کر رہا تھا کہ اچانک کام کے دوران بجلی کے راست رابطے میں آکر اس کی موت واقع ہو گئی۔
لوگوں نے بتایا کہ بجلی کا جھٹکہ محمد اسحاق نامی یہ نوجوان بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر طبی مرکز سمبل منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں موجود ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، اور لاش کو طبی و قانونی لوازمات کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق لوازمات کی تکمیل کے بعد ہی نوجوان کی جسد خاکی اور آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔ ادھر، بجلی کرنٹ لگنے سے ہوئی موت کی خبر محمد اسحاق کے آبائی علاقے میں کہرام مچ گیا۔
یاد رہے کہ بجلی کرنٹ لگنے سے وادی کشمیر میں ہر سال درجنوں افراد کی موت واقع ہو جاتی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی یا عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔ زیادہ تر حادثات محکمہ بجلی میں کام کر رہے عارضی ملازمین کے ساتھ پیش آتے ہیں جو بجلی کی ترسیلی لائنز، کھمبوں یا ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران پیش آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی کشمیر میں کرنٹ لگنے سے نوجوان کی موت - Youth Electrocuted to Death