اننت ناگ: 29 جون کو شروع ہوئی 52 روزہ امرناتھ یاترا سخت ترین حفاظتی انتظامات کے درمیان بالتل اور پہلگام کے روایتی راستوں سے جاری ہے۔ بدھ کی صبح 1654 یاتریوں پر مشتمل ایک اور تازہ دستہ امرناتھ یاترا کے لیے جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے پوتر امرناتھ گھپا کی طرف روانہ ہوا۔ منگل کے روز 33 ویں قافلے نے وسطی کشمیر کے بالتل اور جنوبی کشمیر کے نونہ ون، پہلگام کے بیس کیمپس سے کشمیر کے ہمالیائی پہاڑیوں میں 3880 میٹر بلندی پر واقع امرناتھ گھپا کے درشن کے لیے آج علی الصبح اپنا سفر شروع کیا۔ وہیں گزشتہ روز 5010 یاتریوں نے پوتر گھپا کے درشن کیے تھے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے درمیان 34 ویں روز 1654 یاتری 51 گاڑیوں میں جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں تک پہنچنے کے لئے وادی کشمیر میں امرناتھ گھپا کے درشن کے لئے روانہ ہوئے۔ بدھ کی صبح جموں سے وادی کی جانب روانہ ہونے والے یاتریوں میں 1192 مرد، 388 خواتین، 04 بچے، 43 سادھو اور 27 سادھوی شامل ہیں، جن میں بالتال ٹریک سے 456 یاتری اور پہلگام کے راستہ کے لئے 1198 یاتری بالترتیب 17 اور 34 گاڑیوں میں سوار تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 29 جون کو امرناتھ یاترا کے آغاز کے بعد سے اب تک 471352 یاتریوں نے گھپا کا درشن کیا۔ جبکہ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ایک لاکھ تیس ہزار کے قریب یاتری اب تک کشمیر کی جانب امرناتھ یاترا کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ 52 روز پر مشتمل امرناتھ یاترا 29 جون سے شروع ہوئی جو 19 اگست تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شردھا کے راستے پر مشکلات سے لڑتے معذور یاتری - Disabled Yatris Challenging Journey