اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج (25 مارچ) کو ایک قرارداد پر ووٹنگ کرنے والی ہے جس میں مقدس مہینے رمضان کے دوران غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ ووٹنگ روس اور چین کی جانب سے جمعے کے روز امریکی حمایت یافتہ قرارداد کو ویٹو کرنے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں اسرائیل اور حماس کے تنازع میں "فوری اور پائیدار جنگ بندی" کی حمایت کی گئی تھی۔
امریکہ نے متنبہ کیا ہے کہ یہ قرارداد امریکہ، مصر اور قطر کی طرف سے جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ امریکہ کے اس بیان سے اشارہ مل گیا ہے کہ امریکہ اس قرارداد کو ویٹو کر سکتا ہے۔
کونسل کے 10 منتخب اراکین کی طرف سے پیش کی جانے والی اس قرارداد کو روس اور چین اور اقوام متحدہ میں 22 ممالک کے عرب گروپ کی حمایت حاصل ہے۔
عرب گروپ کی طرف سے جمعے کی شب جاری ہونے والے ایک بیان میں کونسل کے تمام 15 ارکان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ "اتحاد اور عجلت کے ساتھ کام کریں" اور "خونریزی کو روکنے، انسانی جانوں کے تحفظ اور مزید انسانی مصائب اور تباہی کو روکنے کے لیے" قرار داد کے حق میں ووٹ دیں۔ عرب گروپ کے مطابق اب جنگ بندی کا وقت گزر چکا ہے۔
رمضان کا آغاز 10 مارچ کو ہوا تھا اور 9 اپریل کو ختم ہو گا۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر قرارداد منظور ہو جاتی ہے تو جنگ بندی کا مطالبہ صرف دو ہفتوں تک رہے گا، حالانکہ مسودے میں کہا گیا ہے کہ لڑائی میں وقفہ "مستقل پائیدار جنگ بندی" کا باعث بننا چاہیے۔
اس قرارداد پر سنیچر کو ووٹنگ ہونا تھی لیکن اس کے اسپانسرز نے اسے پیر تک ملتوی کر دیا۔
سلامتی کونسل کے بہت سے اراکین امید کر رہے ہیں کہ اقوام متحدہ کا سب سے طاقتور ادارہ، جس پر بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا ذمہ ہے، اس جنگ کو ختم کرنے کا مطالبہ کرے گا۔
اس سے قبل سلامتی کونسل نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر دو قراردادیں منظور کی ہیں، لیکن کسی قرارداد میں جنگ بندی کا مطالبہ نہیں کیا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں 32,000 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ مرنے والوں میں دو تہائی خواتین اور بچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: