واشنگٹن: دنیا کے طاقتور ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں امریکہ سرفہرست جبکہ ٹاپ ٹین میں دو اسلامی ممالک شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ فہرست ملکی قیادت، معاشی ترقی، سیاسی اثر ورسوخ، طاقتور فوج اور عالمی اتحادوں کے ساتھ مضبوط وابستگی کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے،جس میں سرفہرست امریکہ اور دوسرے نمبر کا امریکہ کا سب سے بڑا حریف ملک چین ہے۔ روس اس فہرست میں تیسرے، جرمنی چوتھے، جب کہ برطانیہ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔
رپورٹ کے مطابق طاقتور ترین مماک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر جنوبی کوریا، فرانس ساتویں اور جاپان آٹھویں نمبر پر ہے جب کہ نویں اور دسویں نمبر پر دو اسلامی ممالک بالترتیب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات موجود ہیں۔
اس رپورٹ میں اسرائیل کو دنیا کا 11 واں طاقتور ترین ملک قرار دیا گیا ہے، جب کہ ہندوستان 12 ویں نمبر پر موجود ہے۔ اس کے بعد کینیڈا، یوکرین، ترکی، اٹلی، آسٹریلیا، ایران، برازیل اور اسپین بالترتیب 13 سے 20 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
طاقتور ترین ممالک کی ٹاپ 55 کی فہرست میں ہندوستان کے بعد جنوبی ایشیا سے جو دو ممالک شامل ہیں ان میں بنگلہ دیش 40 جب کہ سری لنکا 53 ویں نمبر پر ہے جن کی جی ڈی پی بالترتیب 460 ارب ڈالر اور 74.4 ارب ڈالر جب کہ فی کس آمدنی بھی بالترتیب 7395 ڈالر اور 14405 ڈالر ہے۔
مزید پڑھیں: دنیا کے 3 اہم ممالک نے جدید ترین لڑاکا طیارہ تیار کرنے کا اعلان کیا
رپورٹ کے مطابق مارچ 2024 تک امریکہ کی جی ڈی پی 27.97 ٹریلین ڈالر ہے جبکہ چین کی 18.56‘ روس 1.90‘جرمنی 4.70‘ برطانیہ کی 3.59 ٹریلین ڈالر ہے۔اسرائیل کی جی ڈی پی 522 ارب ڈالر اور فی کس آمدنی ساڑھے 49 ہزار ڈالر جبکہ انڈیا کی جی ڈی پی 3.39 ٹریلین ڈالر اور فی کس آمدنی 8379 ڈالر ہے۔ ایران کی جی ڈی پی 389 ارب ڈالر اور فی کس آمدنی 18075 ڈالر ہے۔
(یو این آئی)