ویانا: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو آسٹریا کے چانسلر کارل نیہمر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی، جس سے بھارت اور آسٹریا کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور سائنس اور ٹیکنالوجی، گرین انرجی، مصنوعی ذہانت، اور اسٹارٹ اپس کے بارے میں بھی بات کی گئی۔
Addressing the press meet with Chancellor @karlnehammer in Vienna. https://t.co/dKleqH32KH
— Narendra Modi (@narendramodi) July 10, 2024
دوطرفہ معاملات کے علاوہ وزیراعظم مودی اور چانسلر نیہمر نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ دور جنگ کا نہیں ہے۔ وزیراعظم مودی نے چانسلر نیہمر کے ساتھ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ "آج، چانسلر اور میں نے نتیجہ خیز بات چیت کی، ہم نے اپنے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے امکانات کی نشاندہی کی ہے۔ ہم نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک سمت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور مستقبل میں تعاون کے لیے ایک خاکہ تیار کیا گیا ہے،‘‘
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ چانسلر اور میں نے دنیا بھر میں جاری تنازعات کے بارے میں طویل بات کی ہے، چاہے وہ یوکرین کا تنازعہ ہو یا مغربی ایشیا کی صورت حال۔ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ یہ جنگ کا وقت نہیں ہے اور مسائل کا حل میدان جنگ میں تلاش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور آسٹریا بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیتے ہیں اور اس کے لیے وہ کسی بھی قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔
مودی نے کہا کہ بھارت اور آسٹریا دونوں دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہیں اور اس بات پر متفق ہیں کہ یہ کسی بھی شکل میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی جیسی اقدار میں مشترکہ یقین بھارت اور آسٹریا تعلقات کی مضبوط بنیاد ہے۔ باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات ہمارے تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
وزیراعظم مودی نے اس دوران یہ بھی کہا کہ ہم اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات پر متفق ہیں تاکہ انہیں عصری اور موثر بنایا جا سکے۔ اس سے قبل مودی اور آسٹریا کے چانسلر نیہمر نے بھارت-آسٹریا بزنس میٹنگ میں بھی شرکت کی، جس میں دونوں ممالک کے تقریباً 40 کاروباری اداروں کو اکٹھا کیا گیا تاکہ نئے اقتصادی مواقع تلاش کیے جا سکیں اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی ایک دن کے سرکاری دورے پر منگل کی شام روس سے ڈائریکٹ ویانا پہنچے۔ 41 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی بھارتی وزیر اعظم نے آسٹریا کا دورہ کیا ہے۔ اندرا گاندھی 1983 میں آسٹریا کا دورہ کرنے والی آخری وزیر اعظم تھیں۔ پی ایم مودی کا آسٹریا کا دورہ ان کے روس کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد آیا ہے، جہاں انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔