کھٹمنڈو: نیپالی دارالحکومت کے شمال مغرب میں بدھ کو ایک ہیلی کاپٹر پہاڑوں میں گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں جہاز میں سوار پانچوں افراد کی موت ہو گئی۔ ضلع نواکوٹ کے سرکاری منتظم کرشنا پرساد ہماگئی نے بتایا کہ ملبے سے چار مردوں اور ایک خاتون کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
نیپال کے متعلقہ افسر نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی امدادی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔ آپریشن میں مدد کے لیے دو ریسکیو ہیلی کاپٹر بھی بھیجے گئے ہیں۔ حادثے کی لوکیشن کھٹمنڈو کے شمال مغرب میں ایک جنگلاتی پہاڑی پر ہے۔
ہیلی کاپٹر نے کھٹمنڈو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 54 منٹ پر اڑان بھری اور اس کا رخ سیاپروبیشی قصبے کی طرف تھا۔ نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک بیان کے مطابق، یورو کاپٹر AS350 ہیلی کاپٹر، نیپال میں مقیم ایئر ڈائنسٹی کی ملکیت ہے، ٹیک آف کے صرف تین منٹ بعد ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ چاروں مسافر چینی شہری ہیں اور پائلٹ نیپالی ہے۔ یہ حادثہ ایک مسافر بردار طیارہ کے تباہ ہونے کے دو ہفتے بعد پیش آیا ہے، جس میں 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں صرف پائلٹ ہی بچ سکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نیپال کے ہوائی اڈے پرطیارہ حادثہ کا شکار، 18 افراد ہلاک، پائلٹ کو زندہ بچا لیا گیا