حیدرآباد (نیوز ڈیسک): نئے اسلامی سال کا آغاز ہو چکا ہے۔ عرب میں گذشتہ روز یکم محرم الحرام کا چاند دیکھا گیا۔ برصغیر میں آج شام کو پہلے اسلامی مہنے محرم کا چاند دیکھا جائے گا۔ نئے اسلامی سال 1446 ہجری کے پہلے دن سابقہ اسلامی روایت کے مطابق اس بار بھی غلاف کعبہ کی تبدیلی عمل میں آئی۔
— الهيئة العامة للعناية بشؤون الحرمين (@AlharamainSA) July 6, 2024
شہرِ مقدس مکہ میں غلاف کعبہ کو تبدیلی کے لیے منعقدہ روحانی تقریب میں کسوہ فیکٹری سے غلاف کعبہ مسجد الحرام منتقل کیا گیا۔ اس روحانی تقریب میں سعودی حکام ، اہلکاروں سمیت اس کام کے لیے ماہر اور تربیت یافتہ ٹیم نے حصہ لیا۔
اس بار غلاف کعبہ کا وزن 13 سو کلو گرام وزنی ہے اور اسے بنانے میں 20 ملین ریال کی لاگت آئی ہے۔ اس غلاف کو 159 ماہر کاریگروں نے مل کر پوری لگن اور محنت سے تیار کیا ہے۔
رواں سال کے غلاف کعبہ کی تیاری میں 120 کلو سونا، ایک سو کلو گرام چاندی اور 670 کلوگرام خالص ریشم کا استعمال کیا گیا ہے۔ غلاف پر سونے اور چاندی سے قرآن کی آیتوں کو کندہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غلاف کعبہ کو عربی میں کسوہ کہا جاتا ہے اور ہر سال اس کی تیاری کے لیے ایک مستقل کارخانہ ''کسوہ فیکٹری'' قائم کی گئی ہے۔