اسلام آباد: ایران اور پاکستان کی جانب سے حالیہ جیسے کو تیسا کی طرز پر کیے گئے حملوں کے بعد، تناؤ کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان پیر کو اپنے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے۔ نور خان ایئربیس پر ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے افغانستان و مغربی ایشیا رحیم حیات قریشی نے کیا۔
اپنے دورے کے دوران عبداللہیان اپنے پاکستانی ہم منصب جیلانی اور پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے تعلقات کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے بات چیت کریں گے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے جانکاری دی کہ، "ایران کے وزیر خارجہ امیرعبداللہیان وزیر خارجہ پاکستان جلیل جیلانی کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افغانستان اور مغربی ایشیا) رحیم حیات نے کیا۔" انھوں نے مزید لکھا کہ، دورے کے دوران، وزیر خارجہ عبداللہیان وزیر خارجہ جیلانی کے ساتھ تفصیلی بات چیت کریں گے اور نگراں وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔"
اسی مہینے تہران نے جنوب مغربی پاکستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کیے تھے۔ جوابی کارروائی میں 18 جنوری کو پاکستان نے ایران کے اندر حملہ کیا تھا۔ ایک بیان میں، پاکستانی فوج نے کہا کہ 'دہشت گرد عسکریت پسند تنظیموں' یعنی بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک سرکاری پریس ریلیز میں کہا کہ حال ہی میں، پاکستان اور ایران نے صورتحال کو صحیح کرنے اور انسداد دہشت گردی پر قریبی رابطہ کاری میں کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستانی وزیر نے اپنے ایرانی ہم منصب عبداللہیان سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی اور دونوں ممالک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر زور دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: