انقرہ: روس اور یوکرین جنگ کے دو سال مکمل ہونے پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہےکہ ہم مذاکرات کی اس میز کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے تیار ہیں جو ہم نے پہلے استنبول میں امن کی تعمیر کے لیے قائم کیا تھا۔
یوکرین جنوب مشرقی یورپ سربراہی اجلاس کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں صدر اردوغان نے یوکرین کی آزادی، خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے ترکیہ کی حمایت کی یاد دہانی کرائی اور اس بات پر زور دیا کہ اس نے کریمیا کے تاتاریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔
صدر نے کہا کہ وہ اپنا نظریہ برقرار رکھتے ہیں کہ جنگ کو منصفانہ اور دیرپا امن کے ساتھ ختم کرنے کے لیے سفارت کاری اور بات چیت کا موقع دیا جانا چاہیے۔ ہم مذاکرات کی میز کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں جو ہم نے پہلے استنبول میں امن کی تعمیر کے لیے قائم کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یکجہتی کا جذبہ جو ہمارے مشترکہ جغرافیہ، بلقان میں، جنوب مشرقی یورپی ممالک کے تعاون کے عمل کے ذریعے بحال ہوا ہے اس کا اثر ہمارے قریبی دیگر ممالک پر بھی ہوگا۔ صدر نے تہہ دل سے ان لوگوں کو بالخصوص البانوی وزیراعظم ایدی راما کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے سربراہی اجلاس کی تنظیم میں تعاون کیا۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں: نیٹو رکنیت کے حوالے سے یوکرین اتنا برہم کیوں ہے؟