صنعاء: امریکی-برطانوی اتحاد نے آدھی رات کو یمن کے دارالحکومت اور دیگر صوبوں میں حوثی کیمپوں پر حملہ کیا۔ حوثیوں کے زیر انتظام المسیرہ ٹی وی نے منگل کے روز بتایا کہ ان حملوں میں مشرقی صنعاء کے الحفا کیمپ اور شمال میں الدیلمی ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا۔ ٹی وی نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ انہوں نے وسطی صوبہ البیضاء کے شہر ردا اور جنوب مغربی صوبے تعز کے مقبنہ کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔ مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ دھماکے زوردار تھے اور ان کی آواز پورے شہر میں سنی گئی۔
دریں اثناء، امریکی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے پیر کی رات یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے، جو صرف 10 دنوں میں باغیوں کے کیمپوں پر حملوں کا آٹھواں دور تھا۔
یہ حملے حوثی باغیوں کی جانب سے پیر کے روز خلیج عدن میں امریکی فوجی جہاز پر میزائل حملہ کرنے اور براہ راست حملے کا دعویٰ کیے جانے کے چند گھنٹے بعد کیے گئے۔ امریکی فریق نے مبینہ حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
بحیرہ احمر میں امریکہ اور برطانیہ کے بحری اتحاد نے یمن کے مختلف شمالی صوبوں میں حوثی کیمپوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ اتحاد نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد حوثی گروپ کو بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے کرنے سے روکنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی کارروائیوں کے باوجود حوثیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر حملے جاری: بائیڈن
حوثی گروپ نے بحیرہ احمر میں اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا عزم کیا ہے جب تک کہ اسرائیل اپنی جنگ اور فلسطینی سر زمین غزہ کی ناکہ بندی ختم نہیں کر دیتا۔
گزشتہ ہفتے، امریکہ نے حوثی گروپ کو دوبارہ عالمی دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام سے شمالی یمن کو خوراک اور ادویات کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔