غزہ: غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحانہ حملوں میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 32 ہزار 845 ہو گئی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی کارروائی میں 63 فلسطینی شہید اور 94 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 32 ہزار 845 اور زخمیوں کی تعداد 75 ہزار 392 تک جا پہنچی ہے۔ جبکہ 8000 سے زائد فلسطینی ابھی بھی لاپتہ ہیں۔
رفح میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کی جس میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ دیر البلاح کی ایک مسجد پر فضائی حملہ کیا گیا ہے جس میں بچوں سمیت متعدد شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ وسطی اور مشرقی خان یونس میں گھروں پر گولہ باری کی گئی جس میں متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ شہر کے زیتون محلے میں گھروں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں جس میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔
دریں اثناء وزارت نے بین الاقوامی اداروں سے جنوبی غزہ کے خان یونس قصبے میں نصر میڈیکل کمپلیکس کو دوبارہ کھولنے اور صحت کی سہولیات میں مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزارت نے پیر کے روز ایک الگ بیان میں کہا کہ نصر میڈیکل کمپلیکس میں خدمات کی کمی سے شمالی غزہ میں سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے کیونکہ اس نقصان کے بعد مریضوں کی بڑی تعداد طبی خدمات تک رسائی سے محروم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: