ممبئی: اداکارہ سوارا بھاسکر کی سیاست میں انٹری کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ 2024 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ایس پی امیدوار کے طور پر چناؤ لڑ سکتی ہیں۔ سوارا بھاسکر جو تنو ویڈس منو اور پریم رتن دھن پایو میں اپنے کرداروں کے لیے مشہور ہیں، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ٹکٹ پر ممبرا کلوا حلقہ سے آئندہ اسمبلی انتخابات لڑ سکتی ہیں۔
- سوارا کے شوہر نے کہی یہ بات
مہاراشٹر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی نے حال ہی میں اس معاملے کو لے کر کچھ اشارے دیے ہیں۔ تاہم سوارا کے شوہر اور ایس پی لیڈر فہد احمد نے کہا کہ میں اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، پارٹی صدر (اکھلیش یادو) جو بھی حکم دیں گے میں اس پر عمل کروں گا۔ میں اس حلقے سے الیکشن لڑوں گا جہاں سے میری پارٹی کے ریاستی صدر نے مجھے الیکشن لڑنے کے لیے کہا ہے۔ میں اس کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔ میری بیوی سوارا فی الحال سیاست میں نہیں ہے۔ اس لیے میں ابھی اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ فہد احمد سماج وادی پارٹی کے یوتھ ونگ کے صدر ہیں۔
- سوارا سیاسی معاملات پر رائے دیتی رہی ہیں
مہاراشٹر میں ایس پی مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ ہے۔ دہلی میں پیدا ہونے والی 36 سالہ سوارا بھاسکر سماجی اور سیاسی معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔ دریں اثناء ابو اعظمی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس پی کو اس سیٹ الاٹمنٹ میں اس کا منصفانہ حصہ ملنا چاہئے اور اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو ایس پی اس حلقہ پر خود ہی الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سوارا بھاسکر اور فہد احمد نے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا ہے۔ فی الحال ایس پی کے پاس دو ایم ایل اے ہیں۔ ابو اعظمی مان کھرد شیواجی نگر حلقہ سے اور رئیس شیخ بھیونڈی مشرقی حلقہ سے۔