حیدرآباد: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان آنکھوں کی طبی حالت کی حالیہ رپورٹس کے بعد سرخیوں میں ہیں۔ اطلاع ہے کہ ان کا ممبئی میں آنکھ کا آپریشن ہونا تھا لیکن مبینہ طور پر یہ طریقہ کار ملتوی کر دیا گیا کیونکہ چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوئیں، جس کی وجہ سے اداکار نے امریکہ میں مزید علاج کروانے کا فیصلہ کیا۔
ایک میڈیا ادارے کی تازہ رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ شاہ رخ خان درحقیقت آنکھوں کے آپریشن کے لیے نیویارک جا رہے ہیں۔ ان کی صحت کی حالت سے متعلق تفصیلات اور مسئلے کی صحیح نوعیت اس وقت نامعلوم ہے۔ دریں اثنا شاہ رخ خان کے علاج کے بارے میں ایک خصوصی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
غور طلب ہے کہ سپر اسٹار کے قریبی ذرائع نے اطلاع دیا کہ شاہ رخ خان چند ماہ سے آنکھوں کے ایک نامعلوم مسئلے سے دوچار ہیں۔ 11 جون کو ان کا حیدرآباد کا دورہ جو راموجی راؤ کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے تھا، اس میں بنجارہ ہلز میں ایل وی پرساد آئی اسپتال کا دورہ بھی شامل تھا۔ کنگ خان کو علاج کے لیے واپس حیدرآباد آنا تھا لیکن اپنے دوسرے منصوبوں کی وجہ سے وہ نہیں آ سکے۔ اس دورے کا مقصد ان کی حالت کے بارے میں طبی مشورہ حاصل کرنا سمجھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اس کے لیے شاہ رخ خان کی ٹیم کی جانب سے ایک آفیشل بیان کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، وہیں دنیا بھر میں مداح اور خیر خواہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔