ممبئی: ممبئی کے ڈونگری علاقے میں پولیس نے پیر کو ایک ڈرون آپریٹر کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ ڈرون آپریٹر 'بگ باس 17' سے جیتنے والے منور فاروقی کی جیت کی تقریبات کو ریکارڈ کر رہا تھا۔ 'بگ باس 17' جیتنے کے بعد منور فاروقی ڈونگری پہنچے، جہاں مداحوں کے ہجوم نے ان کا استقبال کیا۔ وائرل ویڈیو میں وہ اپنی گاڑی کے سن روف پر کھڑے ہو کر عوام کو اپنی ٹرافی دکھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
غور طلب ہو کہ کانسٹیبل نتن شندے جو کہ پی ایس آئی توصیف ملا کے ساتھ گشت پر نکلے تھے۔ انہوں نے چار نل کے قریب 4.30 بجے جشن میں شامل لوگوں کو دیکھا، جس کے بعد انہوں نے پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی۔ ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل ایک شخص کو ڈرون کیمرہ استعمال کرتے ہوئے جشن کی منظر کشی کرتے ہوئے دیکھ کر حیران رہ گیا۔
ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل نے ارباز یوسف خان کے نام کے ڈرون آپریٹر سے رابطہ کیا اور اس سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد معلوم ہوا کہ اس کے پاس پولیس کی اجازت نہیں تھی، جس کی وجہ سے پولیس نے ڈرون کیمرہ ضبط کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: بگ باس 17 فاتح منور فاروقی ماں کو یاد کر کے جذباتی ہوگئے
اس کے بعد حکام نے ڈرون آپریٹر کے خلاف ڈرون کے استعمال سے متعلق ممبئی پولیس کمشنر کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے کا مقدمہ درج کیا اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے قواعد پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ حالانکہ اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔