نئی دہلی: یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) نے جمعہ کو آئی اے ایس ٹرینی آفیسر پوجا کھیڈکر کی امیدواری کی منسوخی کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ جاری کردہ ایک میڈیا بیان میں یو پی ایس سی نے کہا کہ اس نے پوجا منورما دلیپ کھیڈکر، جو کہ سول سروسز امتحان 2022 کی امیدوار ہیں، کے کیس کی مکمل تحقیقات کی ہے۔
تفتیش میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ پوجا نے اپنا نام، اپنے والد اور والدہ کا نام، تصویر/ دستخط، ای میل آئی ڈی، موبائل نمبر کو تبدیل کرکے اپنی اصل شناخت کو جعلی بنا کر امتحان دی تھی۔ اس لیے کمیشن نے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی سول سروسز کی امیدواری کو منسوخ کرنے کے لیے وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس پر مستقبل میں کسی بھی امتحانات میں بیٹھنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
یو پی ایس سی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یو پی ایس سی اپنی آئینی ذمہ داریوں کی سختی سے پابندی کرتی ہے اور اپنے امتحان کے تمام پروسیس کو بغیر کسی سمجھوتہ کے انتہائی مستعدی کے ساتھ انجام دیتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یو پی ایس سی نے اپنے تمام امتحانی عمل کو شفافیت اور قواعد کی سختی سے پابندی کے ساتھ یقینی بنایا ہے۔