نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے دہلی کی پانچ سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلی فہرست میں، بی جے پی نے آنجہانی ششما سوراج کی بیٹی بنسوری سوراج سمیت چار نئے چہروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ صرف منوج تیواری ہی اپنا ٹکٹ بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔
ہفتہ کو امیدواروں کے ناموں کے اعلان سے پہلے گوتم گمبھیر نے سیاست سے سبکدوشی کا اعلان کر دیا تھا۔اب چاندنی چوک سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی سیاست چھوڑنے کا اشارہ دیا ہے۔
دراصل ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات کی پہلی فہرست میں بی جے پی نے ڈاکٹر ہرش وردھن کا ٹکٹ منسوخ کر دیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے جذباتی پوسٹ کرتے ہوئے سیاست چھوڑنے کا اشارہ دے دیا۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے ایکس پر لکھا، "کرشنا نگر کی کلینک میری واپسی کا انتظار کر رہی ہے۔"
ڈاکٹر ہرش وردھن نے مزید لکھا کہ پچاس سال پہلے جب میں نے غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی خواہش کے ساتھ کانپور کے جی ایس وی ایم میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لیا تھا تو انسانیت کی خدمت میرا نصب العین تھا۔ میں ہمیشہ سے دین دیال اپادھیائے جی کے فلسفے کا مداح رہا ہوں، جو سماج کے آخری آدمی کی خدمت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ڈاکٹر صاحب نے یہ بھی لکھا کہ میں اپنے تمام پارٹی کارکنوں، اپنے پرستاروں اور عام شہریوں کے ساتھ ساتھ اپنے پارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ جس نے تین دہائیوں پر محیط اس شاندار سفر میں اپنا حصہ ڈالا۔ میں تسلیم کرتا ہوں کہ میں نے بھارت کی تاریخ کے سب سے زیادہ متحرک وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ میں ملک میں ان کی اقتدار میں واپسی کی خواہش کرتا ہوں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے مزید لکھا کہ میں تمباکو کے استعمال کے خلاف، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اور ایک سادہ اور پائیدار طرز زندگی سکھانے کے لیے اپنا کام جاری رکھوں گا۔میں نے ایک خواب دیکھا ہے اور میں جانتا ہوں کہ آپ کا آشیرواد ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔ کرشنا نگر میں میرا ای این ٹی کلینک میری واپسی کا منتظر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر کا سیاست سے سبکدوشی کا اعلان