مہاراشٹرا: مانسون مہاراشٹر میں پہنچ چکا ہے۔ ریاست بھر میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے تالابوں اور ڈیم میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے۔ اس دوران لوناولا میں گزشتہ روز ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ دراصل لوناولا میں بھوشی ڈیم کے قریب جھرنے میں ایک خاتون اور 4 بچے ڈوب گئے۔ اس المناک واقعے میں پانچوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پانچوں افراد کا تعلق پونے کے سید نگر کے ایک ہی خاندان سے ہے۔
غور طلب ہے کہ ممبئی کے قریب لوناولا میں چھٹیاں گزارنے والے ایک خاندان کے پانچ افراد اتوار کی سہ پہر بھوشی ڈیم کے قریب آبشار کے تیز بہاؤ سے بہہ گئے۔ یہ واقعہ دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب پیش آیا اور پولیس نے فوری طور پر مقامی لوگوں کی مدد سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
پولیس کے مطابق، ایک ہی خاندان کے پانچ افراد چہل قدمی کے دوران جھرنے میں داخل ہوئے تھے۔ اچانک پانی کا تیز بہاؤ آیا اور سب اس میں پھسل کر باندھ کے نچلے حصے میں چلے گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ جھرنے میں اترنے کے بعد کائی والے پتھروں پر پھسل کر پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ پونے، مہاراشٹر میں ضلعی انتظامیہ نے مانسون کے موسم میں سیاحوں کی حفاظت کے لیے کچھ فیصلے کیے ہیں۔ منگل کے روز لوگوں کو 2 سے 31 جولائی تک تحصیل ماول میں بھوشی ڈیم اور پوانا ڈیم کے علاقے سمیت کئی مشہور پکنک مقامات پر جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے خطرناک سیاحتی مقامات کے لیے حفاظتی اقدامات کی فہرست پہلے ہی تیار کر رکھی ہے جس میں خطرناک علاقوں کی نشاندہی اور حد بندی، لائف گارڈز اور ریسکیو ٹیموں کی موجودگی اور وارننگ بورڈز کی تنصیب شامل ہے۔
- سیلفیز اور ریلز پر پابندی:
آرڈر میں پانچ یا اس سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہے، لوگوں کو گہرے پانیوں میں جانے سے منع کیا گیا ہے اور ان جگہوں پر سیلفی لینے اور ریل بنانے پر بھی پابندی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بی این این ایس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
- کئی مقامات پر پابندیاں عائد:
کئی مقامات پر پابندیاں عائد کی جائیں گی جن میں تحصیل ماول میں بھوشی ڈیم، بیندے واڑی اور دہولی فالس کے علاوہ کھنڈالہ میں ٹائیگر پوائنٹ، لائن پوائنٹ اور راجماچی پوائنٹ، سہارا پل، پوانا ڈیم کا علاقہ، ٹاٹا ڈیم اور جھیل شامل ہے۔
تحصیل ملشی میں ملشی ڈیم، تمہنی گھاٹ جنگلاتی علاقہ اور ملکی بار آبشار شامل ہیں۔ تحصیل حویلی کے علاقوں میں کھڑکواسلا اور وارگاؤں ڈیم اور سنگھاڈ قلعہ کے آس پاس کے علاقے شامل ہیں۔ امبیگاؤں تحصیل میں حکم کا اطلاق بھیماشنکر کے علاقے، ڈمبھے ڈیم کے علاقے اور کونڈوال آبشار کے علاقے پر ہوتا ہے۔
مزید برآں لوناولا میونسپل کونسل اور سنٹرل ریلوے کی مشترکہ کارروائی میں، انسداد تجاوزات مہم کے دوران بھوشی ڈیم کے قریب 60 سے زائد عارضی دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔ پیر کو کلکٹر دیواسے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سیاحتی مقامات کے ارد گرد غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی کریں۔
- گزشتہ 3 مہینوں میں 27 لاشیں برآمد ہوئی:
مانسون کے دوران سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بھوشی اور پاوانا ڈیموں، لوناولا، سنہا گڑھ، مالشیج، تمہنی اور پونے ضلع کے مغربی گھاٹ کے دیگر مقامات کا دورہ کرتی ہے، جو اکثر نامعلوم اور خطرناک علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ لوناولا میں پاوانا ڈیم کا پرسکون مقام بھی ڈوبنے کے کئی المناک واقعات سے متاثر ہوا ہے، جس سے علاقے میں حفاظتی اقدامات کو نافذ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
لوناولا پولیس کے مطابق جنوری 2024 سے اب تک چار افراد پوانا ڈیم میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ وائلڈ لائف پروٹیکٹر ماول (وی آر ایم) جیسی ریسکیو تنظیموں نے اس سال مارچ اور مئی کے درمیان تحصیل ماول کے مختلف آبی ذخائر سے 27 لاشیں برآمد کی ہیں۔ ضلع کلکٹر نے عہدیداروں سے کہا تھا کہ وہ مختلف سیاحتی مقامات جیسے ڈیموں، آبشاروں، جھیلوں، ندیوں اور چٹانوں پر خطرناک مقامات کی نشاندہی کریں اور ان پر پریمیٹر لائنز اور انتباہی بورڈ لگا کر ان پر پابندی لگائیں تاکہ سیاح ان سے آگے نہ جائیں۔