حیدرآباد : وقف (ترمیمی) بل 2024 پر غور کرنے کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کا دوسرا اجلاس آج 30 اگست 2024 کو پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں منعقد ہوگا۔ اس سلسلہ میں جے پی سی نے متعدد مسلم تنظیموں کو بل پر اپنی اپنی تجاویزات پیش کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔ آج مختلف ریاستوں کے وقف بورڈز کے علاوہ مذہبی تنظیموں کی جانب سے جے پی سی کو تجاویزات و مشورہ پیش کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 22 اگست کو جے پی سی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تھا جو انتہائی ہنگامہ خیز رہا۔ اجلاس میں وزارت اقلیتی امور کی جانب سے وقف (ترمیمی) بل 2024 سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں تاہم اپوزیشن ارکان نے مجوزہ ترامیم پر خدشات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران بی جے پی اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرم مباحث ہوئے۔ آج کا اجلاس بھی ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اندور وقف بورڈ کی املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وفد نے کلکٹر سے ملاقات کی - Waqf Amendment Bill
وقف (ترمیمی) بل 2024 پر تفصیلی غور و خوص کےلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے 31 ارکان پر مشتمل مشترکہ پینل تشکیل دیا گیا جس میں لوک سبھا کے 21 اور راجیہ سبھا کے 10 ارکان شامل ہیں۔ کمیٹی میں شامل جگدمبیکا پال کو چیرمین مقرر کیا گیا جبکہ دیگر ارکان میں اسد الدین اویسی، عمران مسعود، محمد جاوید، مولانا محب اللہ، غلام علی، سید نصیر حسین، محمد ندیم الحق، ایم محمد عبداللہ، نشی کانت دوبے، اپراجیتا سارنگی، تیجسوی سوریا، دلیپ سائکیا، سنجے جیسوال، ڈی ارونا، ابھیجیت گنگوپادھیائے،گورو گگوئی، کلیان بنرجی، اے راجا، لاو سری کرشنا دیورایالو، دلیشور کامیت، اروند ساونت، ایم سریش گوپی ناتھ، نریش گنپت مہاسکے، ارون بھارتی، برج لال، میدھا وشرام کلکرنی، رادھا موہن داس اگروال، وی وجے سائی ریڈی، سنجے سنگھ اور ڈی ویریندر ہیگڑے شامل ہیں۔