حیدرآباد: رمضان کا مہینہ آہستہ آہستہ ہم سے رخصت ہو رہا ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس کا پہلا عشرہ ختم ہو گیا اور دوسرا عشرہ شروع ہو چکا ہے۔ ہماری یہی کوشش ہونا چاہئے کہ باقی بچے ہوئے دنوں میں ہم زیادہ سی زیادہ عبادت کریں اور اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کریں۔ ای ٹی وی بھارت کے رونقِ رمضان پروگرام کے تحت آج دوسرے عشرے کی اہمیت کے بارے میں مفتی سید بہاءالدین زبیر نقشبندی صاحب نے روشنی ڈالی۔
انہوں نے دوسرے عشرے کے حوالے سے بیان فرمایا کہ یہ عشرہ مغفرت کا ہے جو اپنے اندر بےانتہا رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹا ہواہے ہم کو چاہئے کہ ہم ہر وقت اللہ سے مغفرت کا سوال کریں، اپنے گناہوں سے توبہ کریں یقیناً اللہ ہمارے گناہوں کو درگزر فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ توبہ کرنے والوں کی بخشش فرماتا ہے۔
مفتی سید بہاءالدین نقشبندی صاحب نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ماہ رمضان کے دوسرے عشرے میں بھی کثرت کے ساتھ استغفار فرمایا کرتے تھے، آپ لوگوں سے فرماتے تھے کہ اس ماہِ مبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادت کیا کرو اور استغفار کیا کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ درگزر کرنے والا ہے۔ وہ غفور الرحیم ہے۔ وہ اپنے بندوں کو معاف فرمائے گا۔
انہوں نے کہا کہ توبہ صرف زبان سے استغفرُللہ کہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس پر عمل بھی کرنا ضروری ہے، استغفار کرنے کے بعد بندہ گناہ کی طرف لوٹ کر نہ جانے کا مصمم ارادہ کرلے تو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ضرور معاف کرے گا۔ اگر بندہ اللہ کہ طرف ایک قدم بڑھاتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی جانب دس قدم بڑھاتا ہے۔ یقیناً اللہ تعالیٰ بخشش کرنے والا ہے وہ ہر ایک شےء پر قادر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سائنسی نقطہ نظر سے روزہ کی اہمیت