نئی دہلی: راجیہ سبھا انتخابات 2024 کے لیے کانگریس کی سابق صدر اور راجستھان سے راجیہ سبھا کی امیدوار سونیا گاندھی بلا مقابلہ منتخب ہو گئی ہیں۔ لوک سبھا میں 6 میعاد پوری کرنے کے بعد ایوان بالا میں یہ ان کی پہلی میعاد ہوگی۔
اس کے علاوہ چننی لال گراسیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے مدن راٹھوڑ کو منگل کو راجستھان سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب قرار دیا گیا۔
اسمبلی کے پرنسپل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے ریٹرننگ آفیسر مہاویر پرساد شرما نے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان سے دو سالہ راجیہ سبھا انتخابات 2024 کے لئے تینوں نشستوں پر تینوں امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔ شرما نے کانگریس کی امیدوار سونیا گاندھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار چونی لال گراسیا اور مدن راٹھوڑ کو منتخب قرار دیا۔
ویشنو اور بی جے ڈی کے دو لیڈر بھی منتخب ہوئے
مرکزی وزیر اشونی وشنو اور بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے دیباشیش سمنترائی اور سبھاشیش کھنٹیا منگل کو اڈیشہ سے راجیہ سبھا کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ آج دوپہر پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد ریٹرننگ افسر ابنی کانتا پٹنائک نے منتخب افراد کے ناموں کا اعلان کیا۔ بی جے پی امیدوار اور وزیر ریلوے اشونی وشنو اوڈیشہ کی حکمراں جماعت بی جے ڈی کی حمایت سے راجیہ سبھا کے لیے دوبارہ منتخب ہو گئے ہیں۔
غور طلب ہو کہ وشنو نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن 15 فروری کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے، جب کہ بی جے ڈی کے دو امیدواروں نے 13 فروری کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے۔ راجیہ سبھا کے تین ممبران وشنو اور بی جے ڈی کے پرشانت نندا اور امر پٹنائک کی میعاد اس سال اپریل میں پوری ہو جائے گی۔ یہ انتخابی عمل ان اسامیوں کو پر کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
ساتھ ہی بی جے پی صدر جے پی نڈا اور گجرات سے پارٹی کے تین دیگر امیدوار بھی راجیہ سبھا کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ مہاراشٹر سے بی جے پی کے اشوک چوہان، میدھا کلکرنی، ڈاکٹر اجیت گوپچڑے نے کامیابی حاصل کی ہے۔ وہیں شیو سینا سے ملند دیورا، این سی پی سے پرفل پٹیل اور کانگریس سے چندرکانت ہنڈور منتخب ہوئے ہیں۔