نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ و لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے منگل کو سمیوکت کسان مورچہ کے ایک وفد سے ملاقات کی اور ایم ایس پی کی قانونی ضمانت اور قرض سے آزادی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا اور دیگر کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ 11 رکنی وفد نے گاندھی سے یہاں پیلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفد نے انہیں ملک میں کسانوں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کے لیے قانونی ضمانت کی مانگ اور اس کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنے پر زور دیا۔ میٹنگ کے دوران کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور جے رام رمیش بھی موجود تھے۔
این جی او سرو سیوا سنگھ کے ایک وفد نے بھی گاندھی سے ملاقات کی۔ سمیوکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) کے وفد کے ساتھ ملاقات اس کے چند ہفتے بعد ہوئی جب گاندھی نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں کسانوں کے ایک اور وفد سے ملاقات کی۔ گاندھی نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بار بار اس بات پر زور دیا ہے کہ انڈیا بلاک ایم ایس پی کے لیے قانونی ضمانت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انڈیا اتحاد حکومت پر دباؤ ڈالے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کسانوں کو ایم ایس پی کے لیے قانونی ضمانت ملے، راہل گاندھی نے گزشتہ ماہ کسانوں کے وفد سے ملاقات کے بعد کہا تھا۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی نے لوک سبھا میں بھی کسانوں کے لئے ایم ایس پی اور دیگر مسائل کو اٹھایا تھا۔