نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ معروف سیاسی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے کانگریس اور راہل گاندھی کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کانگریس لوک سبھا انتخابات میں توقع کے مطابق سیٹیں نہیں جیتتی ہے تو راہل گاندھی کو پارٹی قیادت سے پیچھے ہٹ جانا چاہیے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے پرشانت کشور نے کہا کہ راہول گاندھی کانگریس پارٹی کی کارکردگی کےلئے ذمہ دار ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود نہ تو وہ پیچھے ہٹ رہے ہیں اور نہ ہی کانگریس کی قیادت کے لیے کسی اور رہنما کی تلاش میں ہیں۔ کشور نے کہا کہ یہ غیرجمہوری عمل ہے۔
پی کے نام سے مشہور پرشانت کشور نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس میں نئی جان ڈالنے کےلئے منصوبہ تیار کیا تھا، لیکن کانگریس قیادت اور ان کے درمیان اختلاف کی وجہ سے انہوں نے راستہ بدل لیا تھا۔ راہل گاندھی کے کام کرنے کے انداز کے بارے میں پی کے نے کہا، "جب آپ (راہل گاندھی) پچھلے 10 سالوں سے ایک ہی کام کر رہے ہیں اور اس میں کوئی کامیابی نہیں مل رہی ہے، تو بریک لینے میں کوئی حرج نہیں ہے... اور دوسروں کو موقع دینا چاہئے جیسا کہ سونیا گاندھی نے اپنے اپنے شوہر اور سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کے بعد سیاست سے دوری اختیار کی اور 1991 میں پی وی نرسمہا راؤ کو پارٹی کی ذمہ داری سونپ دی تھی۔