دہلی: کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے 'منگل سوتر' سے متعلق تبصرے کے لئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کی خواتین نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ بنگلور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہاکہ "گزشتہ دو دنوں سے کہا جا رہا ہے کہ کانگریس آپ کا 'منگل سوتر' اور سونا چھیننا چاہتی ہے۔ ملک 70 سال سے آزاد ہے اور یہاں کانگریس کی حکومت ہے۔ 55 سال کیا کسی نے آپ کا سونا 'منگل سوتر' چھینا ہے؟
انہوں نے کہا کہ "جنگ کے دوران اندرا گاندھی نے اپنا سونا ملک کو دے دیا تھا۔ میری ماں کا منگل سوتر دیش کو قربان ہوا ہے... سچ تو یہ ہے کہ خواتین کی جانب سے کی گئی جدوجہد کو بی جے پی کے لوگ نہیں سمجھ سکتے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے اپنے والد راجیو گاندھی کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1991 میں انتہا پسندوں نے انہیں قتل کر دیا تھا۔
پرینکا گاندھی نے ایکس پر لکھا، "یہ انتخاب عوام اور جھوٹ کی طاقت کے درمیان ہے۔ عوام کہہ رہے ہیں کہ وہ بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی بحران سے پریشان ہیں لیکن مغرور حکومت عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے، جھوٹ پھیلانے اوربھڑکانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اس حکومت کی حقیقت کو سمجھتے ہیں، اس لیے اس نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ گمراہ کرنے کی سازش اور بھڑکانے کی سیاست سے چھٹکارا حاصل کریں گے اور اس لڑائی میں عوام کی جیت ہوگی، ہندوستان جیتے گا۔
کانگریس جنرل سکریٹری محترمہ پرینکا گاندھی نے کرناٹک کے چتردرگا میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ کانگریس لیڈر نے کہا، "آج ملک میں بے روزگاری 45 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔" مہنگائی حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے لیکن بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم صرف توجہ بھٹکانے میں مصروف ہیں۔ کانگریس کی حکومت آپ کی حکومت ہوگی جو صرف آپ کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے گی۔