نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ملک میں لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے ووٹروں سے بڑھ چڑھ کر ووٹنگ کرنے اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔
پی ایم مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور ووٹنگ کا نیا ریکارڈ بنائیں۔ پہلے مرحلے میں ملک کی 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی کی 92 سیٹوں کے لیے بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت کا سب سے بڑا تہوار آج سے شروع ہو رہا ہے۔ میں ان تمام نشستوں کے ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور ووٹنگ کا نیا ریکارڈ بنائیں۔ اس کے علاوہ میری ان نوجوان دوستوں سے خصوصی اپیل ہے جو پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ جمہوریت میں ہر ووٹ قیمتی اور ہر آواز اہم ہوتی ہے۔
وہیں دوسری جانب وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کیا ’’آج ایک اہم دن ہے جب آٹھارویں لوک سبھا انتخابات کے لئے ملک میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ میں اس مرحلے کے تمام ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ ووٹ دیں، کیونکہ آپ کا ایک ووٹ ایک محفوظ، ترقی یافتہ اور خود انحصار بھارت بنانے کی طاقت رکھتا ہے۔
آپ کا ایک ووٹ صرف ایک لوک سبھا یا امیدوار کے نتائج کا فیصلہ کرنے کے لیے نہیں ہے، بلکہ بھارت کے روشن مستقبل کے لیے ہے۔ میری گزارش ہے کہ ایک مضبوط اور فیصلہ کن قیادت کا انتخاب کریں جس نے ملک کو کرپشن، اقربا پروری اور خوشامد سے نجات دلاتے ہوئے اپنے وعدے پورے کیے ہوں۔ جس نے نہ صرف ترقی کی رفتار تیز کی ہے بلکہ سرحدوں کو بھی محفوظ بنایا ہو، ہر غریب کو صحت، مکان، بجلی اور گیس جیسی سہولیات فراہم کی ہوں اور بھارت کی ثقافت اور ثقافتی نشانات کو محفوظ کیا ہو آپ ایسی سرکار کا انتخاب کریں۔
یہ بھی پڑھیں: