نئی دہلی: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کو NEET میں مبینہ بے ضابطگیوں اور UGC-NET امتحان کی منسوخی پر حکومت پر سخت تنقید کی۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی اداروں پر آر ایس ایس اور بی جے پی کا قبضہ ہے اور پیپر لیک ہونے کا سلسلہ تب تک نہیں رکے گا جب تک کہ ان کو تبدیل نہیں کیا جاتا۔
راہل گاندھی نے کہا، "یہ کہا جا رہا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے یوکرین روس جنگ اور اسرائیل غزہ جنگ کو روکوا دیا، لیکن وہ یا تو امتحانی پیپر لیک ہونے کو روک نہیں پا رہے ہیں یا روکوانا نہیں چاہتے،"۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی بھارت جوڑو نیا یاترا کے دوران ہزاروں لوگوں نے پیپر لیک ہونے کی شکایت کی۔
انہوں نے مدھیہ پردیش میں ویاپم امتحان اور بھرتی گھوٹالہ کا حوالہ دیتے ہوئے حالیہ تنازعہ کے بارے میں کہا، ’’ویاپم کے طریقے کو ملک کے دیگر ریاستوں تک پھیلایا گیا ہے۔‘‘ راہل نے کہا، ’’کچھ بھی من مانی طریقے سے نہیں کیا جانا چاہیے، جو اصول ایک پیپر پر لاگو ہوتے ہیں وہی دوسرے پر بھی لاگو ہوتے ہیں،‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن امتحانی پیپر لیک کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائے گی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ آج ایک تنظیم کا نظام تعلیم پر مکمل کنٹرول ہے جس کی وجہ سے ہر عہدے پر وہ اپنے لوگوں کو تعینات کرتے ہیں، اس لیے ہمیں اس نظام کو بدلنا ہوگا، پیپر لیک پر ایکشن لینے کے ساتھ ساتھ پیپر لیک ہونے کو روکنے کے لیے سسٹم کو ری ڈیزائن کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ اپوزیشن دباؤ ڈال کر حکومت سے یہ دونوں کام کروانے کی کوشش کرے گی۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں بہت سے ایماندار لوگ ہیں اور ایماندار لوگوں کو ملازمت دیں گے تو پیپر لیک نہیں ہو گا، لیکن اگر آپ اپنے نظریے سے وابستہ لوگوں کو نظام تعلیم میں کام سونپیں گے تو پیپر لیک ہوگا۔ تمام لوگ جانتے ہیں کہ پیپر لیک ہونے کا مرکز مدھیہ پردیش، گجرات اور اتر پردیش ہیں۔ مجھے بھارت جوڑو یاترا میں زیادہ تر پیپر لیک ہونے کی اطلاع ان ہی ریاستوں سے ملی تھی۔
اپنی پریس کانفرنس میں راہل نے کہا کہ اگر میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں نہ دی جائیں، نااہل لوگوں کو وی سی بنایا جائے اور امتحانی سسٹم میں اپنے نظریات کے لوگوں کو شامل کیا جائے تو پیپر لیک ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ جو ادارے پہلے غیر جانبدار ہوا کرتے تھے، اب وہ ایک نظریے کے ساتھ چلنے لگے ہیں کیونکہ ان اداروں میں نااہل لوگوں کو جگہ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پر میڈکل انٹرنس ٹیسٹ NEET میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں کی وجہ سے ملک میں ایک بڑا تنازع کھڑا ہوگیا ہے اور یہ معاملہ اب سپریم کورٹ کے سامنے ہے۔ اس کے علاوہ بدھ کی رات مرکزی وزارت تعلیم نے 18 جون کو ہونے والے UGC-NET کے امتحان کو 19 جون کو منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ہے اور اس معاملے کو جانچ کے لیے سی بی آئی کے بھی حوالے کر دیا۔