پٹنہ: بہار میں سیاسی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ پٹنہ سے دہلی تک ہنگامہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 72 سالہ نتیش کمار دوبارہ بی جے پی میں واپس آسکتے ہیں۔ بہار کی سیاست بھی اس جانب اشارہ کررہی ہے۔ بھگوا پارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی پر امید نظر آرہی ہے۔ کانگریس ذرائع کے مطابق، نتیش کمار پر شکوک و شبہات اس وقت پیدا ہوئے جب جے ڈی یو کے سربراہ نے 24 جنوری کو معروف ریاستی رہنما آنجہانی کرپوری ٹھاکر کو ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز بھارت رتن دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا عوامی طور پر شکریہ ادا کیا اور ان کی تعریف کی۔
- جے ڈی یو لیڈروں سے نتیش کی ملاقات:
طویل ملاقات کے بعد جے ڈی یو لیڈر باہر آئے۔ جب وزیر خزانہ وجے چودھری سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میٹنگ کرنا پارٹیوں کا کام ہے۔ ہم نالندہ میں پرچم لہرانے جارہے ہیں۔ کب تک سب ٹھیک ہو جائے گا کے سوال پر مسکرا دیا۔ آپ کو بتا دیں کہ نتیش کی یہ ملاقات لالو یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ کے ٹویٹ کے بعد ہوئی ہے۔
- رابڑی کی رہائش گاہ پر سرگرم ہوئے لالو:
بدلتے ہوئے سیاسی حالات کے درمیان لالو پرساد یادو بھی سرگرم ہو گئے ہیں۔ قائدین کی میٹنگ رابڑی کی رہائش گاہ پر بلائی گئی۔ پارٹی کے سینئر لیڈران رابڑی کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ جب آر جے ڈی لیڈر شکتی یادو سے پوچھا گیا کہ جے ڈی یو کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی، بی جے پی کے ریاستی صدر اور اشونی چوبے ایک ساتھ ایک ہی فلائٹ سے دہلی روانہ ہوئے۔ اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات لوگ ایک ہی فلائٹ میں ملتے ہیں۔ لیکن بہار میں کچھ لوگ پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔ یہ حکومت اعتماد کے ساتھ کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی کام کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ، بی جے پی افواہیں پھیلا رہی ہے۔ تیجسوی اس پورے دور میں سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ جو لوگ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں وہ قیاس آرائیاں کرتے رہیں۔"
آر جے ڈی ایم ایل سی مننی راجک نے کہا کہ، بی جے پی میں خوف و ہراس ہے۔ ہر کوئی خوفزدہ ہے۔ یہ لوگ باتیں بنا رہے ہیں۔ یہاں لالو جی سے ملنے آئے تھے۔ وہ ہمارے محافظ ہیں۔ ہماری گرینڈ الائنس کی حکومت ٹھیک ہے۔ نتیش کمار اس طرح کیسے پلٹی ماریں گے؟" -
- بی جے پی کی سیاست دہلی منتقل:
پورے ہنگامے کے بعد بہار بی جے پی کی سیاست دہلی منتقل ہوگئی ہے۔ ریاستی صدر سمرت چودھری ملک کے دارالحکومت میں ہیں۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی، قائد حزب اختلاف وجے سنہا نے بھی دہلی کا رخ کیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ بہار کی سیاست پر ایک بڑی میٹنگ کرنے والے ہیں۔ دہلی گئے لیڈروں کے علاوہ انچارج ونود تاوڑے، ایم پی سشیل مودی سمیت کئی سینئر لیڈر شامل ہونے والے ہیں۔
- گرینڈ الائنس میں کشیدگی نظر آنے لگی:
ایسے میں سیاسی ماہرین نے کہنا شروع کر دیا ہے کہ بہار میں جلد ہی 'کھیلا' ہونے والا ہے۔ درحقیقت سی ایم نتیش کمار نے جس طرح کل کرپوری ٹھاکر کے بہانے اقربا پروری پر حملہ کیا اس کے بعد سے قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے۔ اس کا اثر کابینہ کے اجلاس میں بھی نظر آیا۔ جب میٹنگ صرف 15 سے 20 منٹ میں ختم ہو گئی۔ یہی نہیں اس کی بریفنگ تک نہیں کی گئی۔
- سشیل مودی کا لہجہ بھی بدلا:
پچھلے کچھ دنوں سے این ڈی اے کے لیڈروں کا لہجہ بدلا ہوا لگتا ہے۔ جیتن رام مانجھی نے نتیش کو بہار کی سیاست کا 'چانکیہ' کہنا شروع کر دیا ہے۔ ادھر بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل مودی نے کہا ہے کہ نتیش کمار نے بڑی ہمت دکھائی ہے اور پہلی بار اقربا پروری پر حملہ کیا ہے جس کا پی ایم مودی ہمیشہ ذکر کرتے رہے ہیں۔