دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کانگریس پر اپنے حملوں کو اور تیز کردیا اور پارٹی کا قدآور رہنما و و سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کا ایک خط پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے پسماندہ طبقات کے لیے تحفظات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے "نظام میں نااہلی کو فروغ ملتا ہے"۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’نہرو نے ایک بار وزرائے اعلیٰ کو ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ریزرویشن کے خلاف ہیں، نہروجی کہتے تھے کہ اگر ایس سی، ایس ٹی یا او بی سی کو نوکریوں میں ریزرویشن مل جائے تو سرکاری کام کا معیار گر جائے گا‘۔
مودی نے کہا کہ اس طرح کی مثالوں سے ذہنیت کو سمجھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ ’پارٹی ہمیشہ SC اور ST برادریوں کے مفاد کے خلاف رہی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ہمیشہ پسماندہ طبقات کو ترجیح دی ہے... پہلے دلت اور اب آدیواسی۔ ہمارے تمام کام ایس سی، ایس ٹی، اور او بی سی کمیونٹیز کے لیے ہوتے ہیں‘۔ انہوں نے اس موقع پر صدر مرمو کے انتخاب کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’مرمو اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی قبائلی خاتون ہیں‘۔