حیدرآباد : سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے نیٹ یو جی (NEET UG) 2024 کے نتائج کو سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا۔ نتائج کو مرکز کے سطح پر جاری کیا گیا ہے جس میں طلباء کے نام کو بھی ظاہر نہیں کیا گیا۔ امتحان میں شریک تمام امیدوار این ٹی اے نیٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر نتیجہ دیکھ سکتے ہیں۔ قبل ازیں عدالت اعظمیٰ نے این ٹی اے کو 20 جولائی کو دوپہر 12 بجے تک نیٹ یو جی کے نتائج مرکز کی سطح پر جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 جولائی کو این ٹی اے کو 20 جولائی کی دوپہر 12 بجے تک NEET UG کے نتائج جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ایجنسی سے کہا تھا کہ نتائج میں طلبا کی شناخت کو ظاہر نہ کیا جائے بلکہ رول نمبر کے ساتھ نتائج کا اعلان کرے۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے ہفتہ کی دوپہر تک شہر اور مرکز کے لحاظ سے NEET UG کے نتائج الگ الگ شائع کرنے کا حکم دیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ جاریہ سال 5 مئی کو نیٹ یو جی کا امتحان ملک بھر میں 4,750 مراکز پر منعقد ہوا تھا اور امتحان کے نتائج کا اعلان 4 جون 2024 کو کیا گیا تھا۔ اس سال تقریباً 24 لاکھ امیدواروں نے نیٹ یو جی امتحان میں شرکت کی تھی جبکہ 1563 امیدواروں کا دوبارہ امتحان لیا گیا تھا۔