نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کی لا فیکلٹی میں پیر کی رات قانون کے طلباء نے مظاہرہ کرتے ہوئے امتحان کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ اس دوران طلباء اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپ ہو گئی۔ جانکاری کے مطابق طلباء امتحان کی تاریخ 10 دن بڑھانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس مطالبہ پر انہوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ طلباء کے ہنگامے کو دیکھتے ہوئے فیکلٹی نے پولیس کو طلب کر لیا جس کے بعد طلباء نے لا فیکلٹی کا گیٹ بند کر دیا۔ فیکلٹی کا گیٹ کھولنے کے دوران طلباء اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ طلباء کا الزام ہے کہ پولیس نے بغیر کسی وارننگ کے ان پر لاٹھی چارج کیا، جب کہ پولیس نے اس کی تردید کی ہے۔
فیکلٹی کے دروازے کھولنے پر بحث
یونیورسٹی کے طلباء پیر کی صبح سے ہی اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے لا فیکلٹی کا گیٹ بند کر دیا۔ ڈین کو یونیورسٹی سے باہر نہیں جانے دیا جا رہا تھا۔ اس کے بعد لاء فیکلٹی کے ڈین اور ڈی یو کے پراکٹر نے دہلی پولیس سے مدد مانگی۔ دہلی پولیس اور نیم فوجی دستوں کے اہلکار موقعے پر پہنچ گئے۔ پولیس نے شروع میں طلباء کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن بعد میں گیٹ کھولنے کی کوشش کے دوران ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔
'پولیس نے بغیر وارننگ کے لاٹھی چارج کیا'
درحقیقت طلبہ امتحان کی تاریخ میں توسیع کے مطالبے پر مسلسل احتجاج کر رہے تھے۔ اسٹوڈنٹس نے شام کو لاء فیکلٹی کے گیٹ پر اپنا مظاہرہ شروع کیا، جس کی وجہ سے ڈین باہر نہیں آ سکے۔ اس کے بعد پولیس کی نفری لا فیکلٹی کے باہر پہنچ گئی۔ جہاں گیٹ کھولنے کو لے کر لاء فیکلٹی کے طلباء اور پولیس کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی، جس سے طلباء مشتعل ہوگئے۔ طلبہ کا الزام ہے کہ پولیس نے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا ہے۔ طلباء مسلسل اپنے مطالبات پر بضد ہیں۔ ساتھ ہی پولیس کا کہنا ہے کہ طلباء پر طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا۔ لاٹھی چارج نہیں ہوا، صرف گیٹ کھولنے کی کوشش کی گئی۔
'ڈین کو نکالنے کے لیے کال موصول ہوئی'
شمالی ضلع کے ڈی سی پی راجہ بنتھیا نے اس پورے معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں شکایت ملی تھی کہ ڈین کو ڈی یو کیمپس سے باہر نہیں جانے دیا جا رہا ہے، وہ اپنے گھر جانا چاہتی ہیں، اس کے بعد پولیس موقعے پر پہنچی اور انہیں کیمپس سے باہر نکال کر گھر بھیجا گیا۔ بعد ازاں طلبہ ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں اور وہ یہاں مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔ فی الحال طلبہ سے بات چیت جاری ہے اور جلد ہی ڈی یو کیمپس کو بھی خالی کرا لیا جائے گا۔