نئی دہلی : منیش سسودیا شراب گھوٹالہ کیس میں ضمانت ملنے کے بعد جمعہ کی شام جیل سے باہر آئے تھے۔عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر جمع ہوئی اور سسودیا کی رہائی کا جشن منایا۔ رہائی کے وقت، عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ بھی منیش سسودیا کے ساتھ نظر آئے۔ پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سسودیا نے کہا کہ وہ بابا صاحب کے آئین کی وجہ سے ہی جیل سے باہر آنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اسی بنیاد پر کیجریوال کو بھی جلد رہا کر دیا جائے گا۔
تہاڑ میں بند دہلی کے سابق وزیر اعلی منیش سسودیا کو جمعہ کو بڑی راحت ملی۔ سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت دے دی۔ منیش سسودیا 17 ماہ سے تہاڑ جیل میں بند تھے۔ مبینہ شراب گھوٹالہ میں مقدمے کی سماعت شروع کرنے میں تاخیر کے پیش نظر سپریم کورٹ نے سی بی آئی اور ای ڈی دونوں معاملوں میں سسودیا کو ضمانت دے دی ہے۔
رہائی سے قبل جیل کے باہر سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔ صبح ضمانت ملنے کے بعد وکلا نے سپریم کورٹ کے حکم کی کاپی ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش کی۔ وہاں ضمانتی مچلکے بھرے گئے اور ٹرائل کورٹ نے دوپہر کو رہائی کا حکم جاری کیا۔
جیل سے رہا ہونے کے بعد سسودیا نے کہا، "اس حکم کے بعد، میں بابا صاحب امبیڈکر کا مقروض محسوس کرتا ہوں۔ ہم نے اس قانونی جنگ کو آئینی طور پر منطقی انجام تک پہنچایا ہے۔ میں سپریم کورٹ کا شکر گزار ہوں جس نے آمریت پر سخت حملہ کیا ہے۔" آئین اور جمہوریت کی طاقت کی وجہ سے ہمارے لیڈر اروند کیجریوال کو رہا کیا جائے گا۔
کیجریوال کی اہلیہ سے ملاقات، کل راج گھاٹ جائیں گے: جیل سے رہا آنے کے بعد، سسودیا سب سے پہلے سول لائنز میں وزیر اعلی کی رہائش گاہ گئے۔ وہاں سی ایم اروند کیجریوال کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔