لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعہ کو تریپورہ میں ووٹنگ کی رفتار سب سے تیز رہی اور شام 6 بجے تک وہاں کے 77.95 فیصد ووٹروں نے ووٹ ڈالا۔ اتر پردیش میں ووٹنگ کی رفتار سب سے کم رہی اور شام 6 بجے تک صرف 53.02 فیصد ووٹر ہی ووٹ ڈالنے نکلے تھے۔
دوسرے مرحلے میں 12 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے کی کل 88 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو ئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق شام 6 بجے تک آسام میں 70.68 فیصد، بہار میں 53.60، چھتیس گڑھ میں 72.51، جموں و کشمیر میں 67.22، کرناٹک میں 64.46، کیرالہ میں 64.95، مدھیہ پردیش میں 55.19 فیصد، مہاراشٹر میں 53.71 فیصد، منی پور میں 76.46 فیصد، راجستھان میں 59.54 فیصد، تریپورہ میں 77.95، اتر پردیش میں 53.02، مغربی بنگال میں 71.84 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
دوسرے مرحلے میں 88 سیٹوں پر کل 15.88 کروڑ سے زیادہ ووٹر رجسٹرڈ ہیں، جن کے ووٹوں پر 1,206 امیدواروں کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کیا جانا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ان سیٹوں کے 1.67 لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر صبح 7 بجے سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوئی ہے۔ لوک سبھا کے تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور انتخابی نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔