نئی دہلی: مقدس سفر حج 2024 پر جانے والے عازمین کو دہلی سے بغیر محرم کے حج کے مقدس سفر حج پر جانے والی 34 خواتین کو تربیت فراہم کرنے کے لیے 29/اپریل 2024 کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی خصوصی پہل پر اس تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے بغیر محرم کے سفر حج پر جانے والی خواتین سے خصوصی ملاقات کی۔
اس دوران اپنے خطاب میں انہیں مقدس حج کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور کسی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ بغیر محرم کے سفر حج پر جانے والی تمام خواتین کو ایک ہی فلائٹ میں مکمل سکیورٹی کے ساتھ مدینہ شریف پہنچایا جائے گا اور وہ خود بھی ہر قسم کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود رہیں گی۔
واضح رہے کہ اس سال دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے بغیر محرم کے حج پر جانے والی خواتین کی کل تعداد 69 ہے جبکہ پورے ہندوستان سے محرم کے بغیر حج پر جانے والی خواتین کی کل تعداد تقریباً 4300 ہے۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں: