نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتارامن کے ذریعہ پیش کردہ مرکزی بجٹ سے ناخوش اپوزیشن جماعتوں کے کم از کم چار وزرائے اعلیٰ احتجاجا 27 جولائی کو ہونے والی نیتی آیوگ میٹنگ کا بائیکاٹ کریں گے۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے منگل کی شام ایک پریس کانفرنس کے دوران بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ جس کے بعد کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اسی رات بعد میں سوشل میڈیا پر کہا کہ کانگریس کے وزرائے اعلی بشمول ہماچل پردیش کے سکھویندر سنگھ سکھو، تلنگانہ کے ریونت ریڈی اور کرناٹک کے سدارامیا، نیتی آیوگ کے اجلاس کے بائیکاٹ میں شامل ہوں گے۔
انھوں نے آگے کہا کہ بجٹ انتہائی امتیازی اور خطرناک تھا، جو مکمل طور پر وفاقیت اور انصاف پسندی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ حکومت کا یہ رویہ مکمل طور پر آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔ ہم کسی ایسے پروگرام میں شرکت نہیں کریں گے جو اس حکومت کے حقیقی، امتیازی رنگوں کو چھپانے کے لیے بنایا گیا ہو۔
وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے منگل کو کہا کہ مرکزی بجٹ میں تمل ناڈو کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اس وجہ سے ہم 27 جولائی کو دہلی میں نیتی آیوگ کے اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔
بجٹ کو بڑی مایوسی قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ نیتی آیوگ میٹنگ کا بائیکاٹ کرنا مناسب ہے کیونکہ مرکز نے تمل ناڈو کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے۔ ڈی ایم کے کے اراکین پارلیمنٹ 24 جولائی کو مرکزی بجٹ کے خلاف دہلی میں احتجاج بھی کریں گے۔ تمل ناڈو کے حقوق کے قیام کے لیے ہم عوام کی عدالت میں لڑتے رہیں گے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اسٹالن نے کہا کہ چند علاقائی پارٹیوں کو مطمئن کرنے کے لیے جنہوں نے 'اقلیتی بی جے پی' کو 'اکثریتی بی جے پی' بنا دیا، بجٹ میں ان ہی ریاستوں کے لیے اسکیموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگرچہ مرکز کی طرف سے اس طرح کی اسکیموں کا اعلان کیا گیا ہے، لیکن یہ شک ہے کہ آیا ان پر عمل کیا جائے گا یا نہیں۔
اسٹالن نے کہا کہ اگرچہ مرکزی حکومت نے تمل ناڈو کے لیے 'میٹرو ریل اسکیم' کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کے لیے کوئی فنڈ مختص نہیں کیا گیا ہے اور ریاست کو آج تک دھوکہ دیا جا رہا ہے۔
اسی طرح اس بات کی بھی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ بہار اور آندھرا پردیش مستقبل میں تمل ناڈو کی قسمت میں شریک نہیں ہوں گے۔ تمل ناڈو اور تروکرال دونوں، جن کے بارے میں پی ایم مودی نے کہا تھا کہ وہ پیار کرتے ہیں، بجٹ میں ان کا ذکر تک نہیں ملا۔