نئی دہلی: جموں کشمیر اور ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ اب اس کے بعد سب کی نظریں 8 اکتوبر کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی پر لگی ہوئی ہیں۔ یہاں حال ہی میں منعقدہ جموں کشمیر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات کا مطالعہ کرنے کے لیے دہلی یونیورسٹی کے سنٹر فار گلوبل اسٹڈیز (سی جی ایس) کے ذریعہ ایک منصوبہ بند اور سائنسی آن لائن سروے کیا گیا۔
سنٹر فار گلوبل اسٹڈیز آف ڈی یو کی طرف سے کرائے گئے 12ویں انتخابی سروے میں پیش قیاسی کی گئی ہے کہ جموں و کشمیر کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس-کانگریس اتحاد کو اکثریت ملے گی۔ اس کے علاوہ، ہریانہ اسمبلی انتخابی سروے میں کانگریس کی حکومت بننے کی امید ہے۔ سی جی ایس کے ذریعہ انتخابی نتائج کا یہ رجحان 11 ستمبر سے 3 اکتوبر 2024 کے دوران جموں و کشمیر کی 90 اسمبلی سیٹوں اور ہریانہ اسمبلی کی تمام 90 سیٹوں کے کل 8429 ووٹروں کے رائے شماری پر کیے گئے مطالعے پر مبنی ہے۔
سینٹر فار گلوبل اسٹڈیز کے زیر اہتمام اس انتخابی سروے میں مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے تقریباً 700 طلبہ اور محققین نے اس سروے میں حصہ لیا۔ سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر سنیل کے چودھری نے امید ظاہر کی ہے کہ سروے کے نتائج آنے والے انتخابی نتائج کے قریب ہوں گے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ سنٹر فار گلوبل اسٹڈیز 1990 میں ایک ترقی پذیر ریاستوں کے ریسرچ سینٹر کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور اسے 2004 میں دہلی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز سے منسلک کیا گیا تھا۔ 14 ستمبر 2021 کو اس مرکز کا نام تبدیل کر کے سنٹر فار گلوبل اسٹڈیز (سی جی ایس) کر دیا گیا۔ اس کے ذریعے آج سماجی علوم کے مضامین میں تنقیدی اور معروضی تحقیقی مطالعات کے لیے ایک مثبت ماحول اور کام کا شعبہ بنایا جا رہا ہے۔
جموں کشمیر اور ہریانہ اسمبلی الیکشن سروے 2024 ایک انتخابی مطالعہ ہے جو سماجی علوم میں تنقیدی، بامقصد اور سائنسی تحقیقی طریقہ کار پر مبنی ہے، جسے سنٹر فار گلوبل اسٹڈیز اور شعبہ سیاسیات، دہلی یونیورسٹی کے طلبہ نے کروایا ہے۔ سی جی ایس ریویو آزاد ہندوستان کی انتخابی تاریخ کا واحد انتخابی مطالعہ کا سلسلہ ہے، جو ہندوستان کے کسی دوسرے انتخابی سروے انسٹی ٹیوٹ کے مقابلے نمونے کے سائز کے لحاظ سے زیادہ جامع ہے۔ اس کے علاوہ یہ اپنے سروے کے نتائج میں سائنسی، عملی اور قابل اعتماد ہے۔