نئی دہلی : بھارت رتن، سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 33 ویں برسی کے موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیوندر یادو نے آج اقلیتی سیل کے ذمہ داران کے ساتھ ریاستی دفتر راجیو بھون میں ان کی تصویر پر پھول چڑھا کر راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں ریاستی صدر دیویندر یادو نے سونیا گاندھی ،راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگےکے ساتھ سمارک استھل پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش (ETV Bharat) راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں دیوندر یادو کے علاوہ مرزا جاوید علی، محمد عثمان، دہلی پردیش کانگریس سیوا دل کے چیف آرگنائزر سنیل کمار، دہلی پردیش مہیلا کانگریس صدر پشپا سنگھ، ریاستی کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عبدالواحد قریشی کے علاوہ دیگر کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ راجیو گاندھی حب الوطنی اور قربانی کا دوسرا نام ہے۔ بھارت راجیو گاندھی کو ہمیشہ یاد رکھے گا، جنہوں نے ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔ ملک میں مواصلاتی انقلاب کے روح رواں راجیو گاندھی کی شراکت، ان کی دور اندیشانہ سوچ اور پالیسیوں اور تکنیکی میدان میں کمپیوٹر انقلاب کی بدولت ہے کہ آج بھارت پوری دنیا میں ڈیجیٹل سیکٹر میں سرکردہ ممالک کی صف میں کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک قدیم ملک ہونے کے ساتھ ساتھ جو اپنی روایات کا پاس رکھتا ہے، ایک نوجوان ملک بھی ہے، جس کے سب سے کم عمر وزیر اعظم راجیو گاندھی تھے۔ راجیو گاندھی کا خواب تھا کہ ملک خود انحصاری اور دنیا میں سرکردہ ملک بنے۔ کانگریس اور انڈیا اتحاد کی حکومت کے قیام کے بعد، ہم ملک کی 95 فیصد آبادی کی امنگوں اور ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نیائے سنکلپ میں دی گئی 5 نیائے اور 25 گارنٹیوں کو نافذ کرکے ملک کی 140 کروڑ آبادی کو خود کفیل بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی کے ہیرو راجیو گاندھی کے خود کفیل بھارت کا خواب ہمارے لیڈر جن نائک راہل گاندھی کے ذریعہ پورا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: انسداد دہشت گردی کا دن: اس دن سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا ہوا تھا قتل
دیوندر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا انتخابات میں 400 پار کرنے کا نعرہ دے رہے ہیں، میں بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے پیارے لیڈر راجیو گاندھی 400 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرکے ملک کے نوجوان وزیر اعظم بن تھے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کی مثبت سوچ اور سیکولر پالیسی کی وجہ سے بھارت کا شمار دنیا کے بڑے ترقی یافتہ ممالک میں ہونے لگا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 4 جون کو دہلی کی تمام سات سیٹوں پر جیت کر انڈیا اتحاد ملک کے لوگوں کی حمایت سے مکمل اکثریت حاصل کرکے 400 کو عبور کرنے کے بی جے پی کے نعرے کی سچائی کو ملک کے سامنے لائے گا۔