مظفر نگر (اترپردیش): ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے ایم جی گرلس اسکول کے زیر اہتمام جامعہ اسلامیہ دارالعلوم مظفرنگر اور جامعہ قاسمیہ خیرالعلوم لدھاوالا میں ایک پروگرام بعنوان ’جلسۂ دستاربندی واصلاح معاشرہ کانفرنس‘ منعقد ہوا جس کی سرپرستی مولانا حامد حسن اور صدارت مفکر قوم و ملت حضرت حاجی عزیزالرحمن نے فرمائی۔
اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ازہر مدنی ناظم اصلاحِ معاشرہ جمعیۃ علماء ہند تشریف لائے۔ تلاوت کے فرائض قاری ضیاء الرحمٰن قاسمی نے انجام دئے اور نعت النبی ﷺ قاری حذیفہ قاسمی نے پیش فرمائی۔
نظامت کے فرائض مولانا سہیل اختر رحیمی نے انجام دئے۔ مولانا عبدالخالق نے اپنے بیان میں کہا کہ بڑوں اور چھوٹوں میں آپسی محبت اور درگزر اچھے معاشرہ کی تشکیل زینہ ہے، اور مہمان خصوصی مولانا سید ازہر مدنی نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ قرآن مجید کو پڑھیں، سمجھیں اور اپنی زندگی کو اسی کے موافق گزاریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے ہر موڑ پر اور ہر ایک عمل میں امانت داری کا ثبوت دیں بالخصوص وراثت میں اور رشتوں کو قائم کرنے میں پیش قدمی کو ترجیح دیں تو کامیابی و کامرانی ضرور نصیب ہوگی۔
انہوں نے معاشرہ میں پھیلی برائیوں کو ختم کرنے پر تمام حاضرین سے عہد لیا اور تمام مہمانانِ کرام نے منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مفتی مجیب الرحمن قاسمی ومفتی محمد دانش قاسمی نے مولانا سید ازہر مدنی کو ایوارڈ پیش کیا اور حاجی عزیزالرحمن کو مفکر ملت ایوارڈ پیش کیا۔
اس موقعے پر چار حفاظ کرام کی دستاربندی عمل میں آئی اور حفاظ کو سند وشیلڈ دیکر مبارکباد پیش کی گئی اور تقریبا سو طلبہ نے اب تک ناظرہ قرآن مجید کی تعلیم مع دینیات کے حاصل کی اور مفتی مجیب الرحمن قاسمی اور مفتی محمد دانش قاسمی کو خادم ملت ایوارڈ سے نوازا گیا۔
شہر کے ائمہ کرام کی ایک بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی ۔شرکاء میں قابلِ ذکر مولانا زبیر رحمانی، قاری عبدالمالک، مولانا حسین قاسمی، قاری فرقان، ڈاکٹر علاؤالدین، قاری ظریف ،قاری عبدالوحید، عتیق الرحمن، خلیل الرحمن، قاری نسیم، حافظ سہیل، حافظ عامر وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔