بنگلور: بنگلورو کی ایک سیشن عدالت نے میڈیا کو حکم دیا ہے کہ وہ ہاسن کے رکن پارلیمنٹ پراجول ریوانا کے خلاف فحش ویڈیوز کے الزامات سے متعلق خبروں میں ایچ ڈی دیوے گوڑا اور ایچ ڈی کمار سوامی کا نام استعمال نہ کریں۔
عدالت نے کمار سوامی اور دیوے گوڑا کی عرضی پر سماعت کرنے کے بعد پیر کو یہ حکم دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ بغیر ثبوت کے فحش ویڈیوز کیس میں دونوں لیڈروں کے خلاف جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں، اس سے دونوں رہنماؤں کے وقار اور ساکھ کو خطرہ لاحق ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ سچ اور مناسب ثبوت ہونے پر ہی خبر نشر کی جا سکتی ہے۔
جیسے ہی پراجول ریونا سے متعلق مبینہ طور پر ویڈیوز وائرل ہوئے، میڈیا رپورٹس میں دیوے گوڑا کے خاندان کے افراد کے نام کا بھی اس میں ذکر کیا جانے لگا، جس سے ان کے گھر والوں کو بڑی شرمندگی ہوئی۔ اس کے علاوہ ایچ ڈی کمارسوامی اس کے خلاف آواز بھی اٹھا رہے تھے۔ لیکن میڈیا میں نام آنے کے بعد دونوں رہنماؤں کو ان رپورٹوں میں اپنے ناموں کا ذکر کرنے سے روکنے کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔
سابق پی ایم دیوے گوڈا اور سابق سی ایم کمارسوامی نے عدالت کے سامنے اپنی درخواست میں کہا کہ ہمارے خاندان کو ایم پی پراجول ریونا کی مبینہ فحش ویڈیو اور ایچ ڈی ریونا کے ذریعہ ایک خاتون کے مبینہ اغوا کی میڈیا کوریج میں گھسیٹا گیا ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں ایک ایس آئی ٹی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔
لیکن سوشل میڈیا اور اخبارات میں ہمارے خاندان کے افراد کی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال ہو رہا ہے، اس کے ذریعے ہمیں اس کیس میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ہمارا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس قسم کے بہتان سے ہمارے خاندان کے وقار اور سیاسی مستقبل کو خطرہ ہے۔
اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہم عدالت سے درخواست کرتے ہیں کہ میڈیا کو اس کیس کے بارے میں خبریں نشر کرنے اور شائع کرنے سے روکا جائے۔