ممبئی: ایک اور بم کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ چنئی سے ممبئی آنے والی انڈیگو کی پرواز کو منگل کو بم کی دھمکی کا پیغام ملا۔ جس کے بعد فلائٹ کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ ہوائی اڈے کے ذرائع کے مطابق بم کی دھمکی کا پیغام نئی دہلی میں انڈیگو ایئر لائن کے کال سینٹر پر موصول ہوا تھا۔ حالانکہ ذرائع نے تفصیلی معلومات فراہم نہیں کیے۔
انہوں نے بتایا کہ دھمکی موصول ہونے کے بعد طیارہ کو 10.30 بجے ممبئی ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرایا گیا۔ ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ، 'انڈیگو کی فلائٹ 6E 5149 چنئی سے ممبئی جا رہی تھی، اسے بم کی دھمکی ملی تھی۔ ممبئی میں لینڈنگ کے بعد عملے نے پروٹوکول کی پیروی کی اور طیارے کو الگ تھلگ لے جایا گیا۔ انڈیگو نے کہا کہ تمام مسافر طیارے سے حفاظت کے ساتھ اتارے گئے۔ ایئرلائن کا کہنا تھا کہ 'ہم سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور تمام سیکیورٹی چیکس مکمل کرنے کے بعد طیارے کو واپس ٹرمینل کے علاقے میں اتارا جائے گا۔'
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پہلے دن میں وارانسی، چنئی، پٹنہ اور جے پور سمیت کئی ہوائی اڈوں پر بم کی دھمکیوں والے ای میل موصول ہوئے تھے، جس کے بعد حکام نے فوری کارروائی کی اور تحقیقات کی۔ تحقیقات کئی گھنٹے تک جاری رہی لیکن پتہ چلا کہ یہ تمام ای میلز جعلی ہیں۔ رات 12.40 بجے جی میل آئی ڈی سے ای میل موصول ہونے کے بعد ایجنسیوں نے ایئرپورٹ کے ٹرمینلز کی سیکیورٹی بڑھا دی۔ حکام کے مطابق وارانسی، چنئی، پٹنہ، ناگپور، جے پور، وڈودرا، کوئمبتور اور جبلپور ہوائی اڈے ان ہوائی اڈوں میں شامل ہیں جنہیں فرضی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: