مرادآباد: راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا دوسرا مرحلہ آج مرادآباد سے شروع ہونے والا ہے۔ یہ یاترا مرادآباد سے ہوتی ہوئی امروہہ اور سنبھل اضلاع تک جائے گی۔ اس کے بعد یہ بلند شہر پہنچے گی۔ اس یاترا میں پرینکا گاندھی بھی شرکت کریں گی۔ یاترا کو لے کر کانگریس عہدیداروں اور کارکنوں میں جوش و خروش ہے۔
پرینکا گاندھی کا سسرال مراد آباد میں ہے۔ دو سال قبل اسمبلی انتخابات کے دوران پرینکا گاندھی نے یہاں ایک ریلی سے خطاب کیا تھا اور روڈ شو بھی کیا تھا۔ اس کے بعد اب وہ یاترا میں شرکت کے لیے آرہی ہیں۔ کانگریسی رہنماوں نے نیائے یاترا کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ راہل گاندھی ہفتہ کی صبح ہیلی کاپٹر سے بھکڈاسنا ہوائی اڈے پر اتریں گے۔ اس کے بعد کار سے مراد آباد جامع مسجد پہنچیں گے اور نیائے یاترا میں شامل ہوں گے۔
سماج وادی پارٹی کے کارکن اور عہدیدار نیائے یاترا کا خیرمقدم کریں گے۔ نیائے یاترا جامع مسجد، اندرا چوک، عیدگاہ، سنبھل اسکوائر سے ہوتی ہوئی کوہ نور تیراہہ پہنچے گی۔ نیائے یاترا مرادآباد میں دو گھنٹے تک چلے گی۔ اس دوران راہل گاندھی مختلف مقامات پر لوگوں سے بات چیت بھی کریں گے۔
پولیس انتظامیہ نے نیائے یاترا کے لیے مکمل تیاریاں کر لی ہیں۔ ڈویژن سے پولیس فورس طلب کر لی گئی ہے۔ نیائے یاترا کے دوران ٹریفک کو راستے پر موڑ دیا گیا ہے۔ جن راستوں سے یاترا گزرے گی انہیں فوری طور پر عام لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ تاکہ شہر کے باشندوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں:
- راہل گاندھی کی ہتک عزت کے ایک معاملے میں ضمانت منظور
- صدر جمہوریہ کو رام مندر افتتاحی تقریب میں مدعو نہ کرنا دلت و پسماندہ ذات کی توہین: راہل گاندھی
ایس پی اور کانگریس کے اتحاد کے بعد کانگریس کو لوک سبھا کی 17 سیٹیں ملی ہیں۔ مرادآباد لوک سبھا سیٹ ان 17 سیٹوں میں شامل نہیں ہے۔ مرادآباد کے کانگریس کارکن چاہتے ہیں کہ نیائے یاترا کے بہانے مرادآباد لوک سبھا سیٹ بھی کانگریس کے کھاتے میں جائے یا کانگریس امیدوار ایس پی کے نشان پر الیکشن لڑے۔ کانگریس ہائی کمان نے کارکنوں کو یقین دلایا ہے کہ بات چیت ابھی جاری ہے۔