گوہاٹی: آسام کانگریس کے صدر بھوپین کمار بورہ نے یہاں کی ایک مقامی عدالت میں وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کے خلاف 10 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی لیڈر کے مختلف بیانات نے ان کی عوام میں شبیہ اور پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے۔
بورہ نے جمعرات کو سول جج (سینئر ڈویژن) کم اسسٹنٹ سیشن جج نمبر 1، کامروپ میٹرو کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کے علاوہ ریاست کے ایک سرکردہ مقامی روزنامہ اور اس کے ایڈیٹر کو مقدمہ میں مدعا بنایا گیا ہے۔
بھوپین کمار بورہ نے الزام لگایا ہے کہ متعدد مواقع پر سرما نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس کے ریاستی سربراہ جلد ہی پارٹی چھوڑ دیں گے،اس سے اُن کی عوامی شبیہ کو نقصان پہنچایا ہے اور پارٹی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے آسام کے وزیراعلیٰ عوامی پلیٹ فارم، پریس کانفرنس اور دیگر مقامات پر متعدد مرتبہ وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ بورہ اگلے سال کے اوائل تک بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے، سرما کے اس دعویٰ کو اپوزیشن لیڈر نے مسترد کر دیا ہے۔
ہمانتا بسوا سرما نہ صرف بھوپین کمار بلکہ کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی سے متعلق بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ وہ بہت جلد بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔ حالانکہ کانگریس بارہا وزیراعلیٰ کے اس دعویٰ کو مائینڈ گیم سے تعبیر کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: