اردو

urdu

By

Published : Sep 16, 2021, 8:52 AM IST

ETV Bharat / state

اترپردیش راج بھون میں شیو کا مجسمہ نصب ہوگا

لکھنؤ میں واقع راج بھون کے احاطے میں شیو کے مجسمہ کو نصب کیا جائے گا۔ اس سے قبل بی جے پی نے جھارکھنڈ اسمبلی میں نماز کے لیے ایک کمرہ مختص کیے جانے پر خوب ہنگامہ کیا۔ بھگوان شیو کا مجسمہ نصب کرنے پر رہائی منچ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیا ہے۔

اترپردیش راج بھون میں بھگوان شیو کا مجسمہ نصب ہوگا
اترپردیش راج بھون میں بھگوان شیو کا مجسمہ نصب ہوگا

اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں واقع راج بھون کے احاطے میں آج گورنر آنندی بین پٹیل نے 'بھومی پوجن' کر کے ہندو مذہب میں اہم مقام رکھنے والے 'شیو' کا مجسمہ نصب کرنے کے لیے سنگ بنیاد رکھا ہے۔

شیو کا مجسمہ چار فٹ اونچا ہوگا اور اسے 10 فٹ بلند اور 7 فٹ چوڑے گرینائٹ کے چبوترے پر نصب کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مجسمہ کے پیچھے تقریبا 7 فٹ بلند پہاڑ بنایا جائے گا، ساتھ ہی پہاڑی جیسی منظر کشی کی جائے گی۔ اس موقع پر راج بھون کے اہلکار سمیت ہندو مذہب کے رہنما موجود رہے اور گورنر آنندی بین پٹیل نے سنگ بنیاد رکھا۔

واضح رہے کہ جھارکھنڈ حکومت کے ذریعے اسمبلی ہاؤس میں ایک نماز کے لیے کمرہ مختص کیے جانے پر خوب ہنگامہ برپا ہوگیا تھا۔ اس معاملے پر حزب اختلاف کی جماعت بی جے پی نے پرزور مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ اگر ایوان میں ایک کمرہ نماز کے لیے متعین کیا جا رہا ہے تو سبھی مذاہب کے لوگوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہر مذہب کی عبادت کے لیے ایک کمرہ متعین کیا جائے۔


اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے رہائی منچ کے صدر ایڈوکیٹ محمد شعیب نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے گورنر کا یہ عمل آئین کے خلاف ہے کیونکہ وہ ایک آئینی عہدے پر ہیں اور بھارتی آئین کا کوئی مذہب نہیں ہے آئین سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں حق دیتا ہے۔

انہوں یہ بھی سوال کیا کہ اب جب اتر پردیش کی جمہوری عمارت 'راج بھون' میں ایک خاص مذہبی مجسمہ نصب کرنے لیے گورنر نے سنگ بنیا رکھا تو بی جے پی و دیگر سیاسی جماعتیں کیوں خاموش ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details