ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے شہر دیوبند میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے کہا کہ جو لوگ سی اے اے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ در اصل وہ غزوہ ہند کے لیے لڑ رہے ہیں۔ غزوہ ہند کو بھارت میں لاکر اسلامک ملک بنانا چاہتے ہیں، ہم ان کو ان کے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
مسلمانوں کے تعلق سے گری راج سنگھ کا متنازع بیان دہلی الیکشن میں بی جے پی کی کراری شکست پر گری راج سنگھ نے کہا کہ کہیں نہ کہیں کوئی چوک ہوئی ہے۔
گری راج نے کہا کہ میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے پورے ملک کے سامنے کہا ہے کہ سی اے اے شہریت لینے کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ شہریت دینے کا قانون ہے۔ جو لوگ اقلیتی پڑوسی ممالک میں پریشان ہیں ان کو شہریت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پورے ملک میں احتجاج نہیں کر رہے ہیں بلکہ جہاں ان کی آبادی ہے وہ وہاں ملک کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ غزوہ ہند کے لیے لڑ رہے ہیں اور بھارت کو اسلامک ملک بنانا چاہتے ہیں۔ شاہین باغ میں پڑھا لکھا نوجوان شرجیل امام کہتا ہے کہ ہم آسام کو بھارت سے کاٹ دیں گے، یہ لوگ بھارت کو غزوہ ہند بنانا چاتے ہیں لیکن انہیں ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔