بریلی، اتر پردیش:کسی حادثے یا واردات میں کسی شخص کی موت کے بعد اُس کی میت کو بصد احترام رکھنا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے۔ اس کے برعکس میتوں کی حالت دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کے جذبات مردہ ہو چکے ہیں۔ یہ معاملہ عوامی خدمات کمیٹی کے عہدے داران نے اُٹھایا ہے۔ کمیٹی کا دعویٰ ہے کہ پوسٹ مارٹم ہاؤس کے مردہ گھر میں ڈیپ فریزر تین ماہ سے خراب ہیں۔ ایسے میں لاشیں خراب ہو رہی ہیں لیکن ان کی فکر کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ Mortuary Deep freezer Doesn't Work
اتر پردیش کے بریلی شہر میں چوپولہ روڈ پر واقع پوسٹ مارٹم ہاؤس کے مردہ خانے میں وقتاً فوقتاً کچھ لوگوں کی جانب سے آٹھ ڈیپ فریزر عطیہ کیے گئے۔ ان میں شناخت شدہ یا لاوارث لاشوں کو رکھا جاتا ہے۔ ان میں سے چار ڈیپ فریزر شناخت شدہ اور چار لاوارث لاشوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان میں سے چھ ڈیپ فریزر گزشتہ تین ماہ سے خراب ہیں۔ اب صرف دو ڈیپ فریزر میں انہی لاشوں کو رکھا جاتا ہے، جن کے وارث ساتھ آتے ہیں۔ چھ ڈیپ فریزر خراب ہونے کے باعث گرمی میں لاشوں کو محفوظ رکھ پانا ممکن نہیں ہو رہا ہے۔ چند گھنٹوں میں لاشوں کے خراب ہونے کا خدشہ بنا رہتا ہے۔ محکمہ صحت کے افسران کو اِن چھ ڈیپ فریزروں کی مرمت کرانے کی کوئی فکر نہیں ہے۔