لکھنؤ:خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی، لکھنؤ، میں بزم ادب کی جانب سے ’’شخصیت سازی میں تعلیم وتربیت کا کردار‘‘ کے عنوان سے ایک مذاکرہ کا اہتام کیا گیا۔ پروگرام میں بی اے سال اول، دوم اور آخری سال کے طلبہ نے شخصیت سازی میں تعلیم وتربیت کا کردار کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا آغاز بی اے سال آخر کے طالب علم عبدالقادر کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔
بعد ازاں، شعبہ اردو کے استاد ڈاکٹر وصی احمد اعظم انصاری نے پروگرام کی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’عہد حاضر میں تعلیم و تربیت کا تصور اس قدر پیچیدہ ہوگیا ہے کہ اس سے وابستہ مقاصد میں الجھاؤ پیدا ہوگیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے اس کے بغیر سماجی و معاشرتی نشو نما نہیں ہو سکتی ہے۔‘‘