اردو

urdu

تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں کاروان اردو کی پذیرائی

By

Published : Nov 21, 2020, 2:12 PM IST

تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام ماہنامہ قومی زبان اور ماہنامہ روشن ستارے کی رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں اردو کا گڑھ کہے جانے والے اہم اضلاع میں اردو اکیڈمی کے روانہ کردہ کاروان اردو کی ایک ٹیم مشہور شاعر اور معاون مدیر روشن ستارے جناب سردار سلیم کی نگرانی میں ضلع محبوب نگر پہنچی جہاں مقامی محبان اردو نے کافی جوش و خروش کے ساتھ اس کاروان اردو کا استقبال کیا۔

تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں کاروان اردو کی شاندار پذیرائی
تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں کاروان اردو کی شاندار پذیرائی

غالب ہال نزد مدینہ مسجد محبوب نگر کے ارد گرد پر رونق سماں دیکھا گیا، غالب ہال میں دونوں رسالوں کی رکنیت سازی کے لیے بڑی تعداد میں ارباب ذوق اکٹھا ہوئے، اس موقع پر جناب سردار سلیم نے میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دور اردو اکیڈمی کی تاریخ کا سنہرا دور ہے، محمد رحیم الدین انصاری صدر نشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈمی کی سرپرستی اور ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر سکریٹری کی نگرانی میں اردو کی ترویج و ترقی کے سلسلے میں جو خوش آئند اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جس انداز میں تعلیمی منصوبوں کو روبہ عمل لایا جا رہا ہے اس سے اردو داں طبقے میں امید کی کرن جاگی ہے۔

نصاب سازی کے ذریعے، تعلیمی و تربیتی کورسس کے ذریعے، غیر اردو داں افراد کو اردو سے جوڑنے کی کوشش کے ذریعے اردو اکیڈمی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے، ایسے ہی خوش آئند منصوبوں کی روشن کڑی بچوں کا ماہنامہ 'روشن ستارے' کی اشاعت ہے جو بچوں کی ذہنی نشوونما کے لیے، بچوں کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے واقف کروانے کے لیے، ان کے اخلاق و کردار کو سنوارنے اور ان کے ذخیرہ علم میں اضافہ کرنے کے لیے یہ پرچہ مشعل راہ کا کام کر رہا ہے، تھوڑے ہی عرصے میں روشن ستارے نے ملک گیر مقبولیت حاصل کر لی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ماہنامہ قومی زبان جو برسہا برس سے اردو اکیڈمی کا ترجمان رسالہ ہے اب اس کے بھی خد و خال کافی نکھر گئے ہیں، ان دونوں رسائل کی رکنیت سازی اور اکیڈمی کی دیگر مطبوعات کے تعارف، تشہیر اور فروخت کی غرض سے کاروان اردو کی شکل میں اکیڈمی کا وفد محبوب نگر کے محبان اردو کے درمیان پہنچا ہے، اردو کے ان رسالوں کو زندہ رکھنے کے لیے خریداروں کی فہرست میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر ضلع محبوب نگر کے ذمہ دار شہریوں نے اردو سے محبت کا عملی ثبوت دیتے ہوئے جوق در جوق رکنیت سازی میں حصہ لیا اور بعض اصحاب نے اکیڈمی کی مطبوعہ بیش قیمت کتابیں بھی خریدیں، صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک غالب ہال میں مسلسل خریداری کا حوصلہ افزا سلسلہ چلتا رہا، معززین شہر، اساتذہ، علماء و مشائخ، شعراء، ادبا، صحافی حضرات اور محبان اردو نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے اس مہم کی پذیرائی کی۔

قابل ذکر اشخاص میں مسرز ہارون رشید ایڈوکیٹ، نور آفاقی، جناب بابر شیخ، جناب مظہر شہید ، جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں، جناب سید وحید شاہ معتمد بزم کہکشاں، ظہیر ناصری، جناب سجاد، محمد یوسف بن ناصر، محمد غوث پاشاہ اتم، جناب سلیم اختر، جناب چچا پالموری، جناب صبور شیخ، محمد تقی حسین تقی مدیر اعلی سٹی انڈیا نیوز ٹی وی، محمد تقی اسٹاف رپورٹر روزنامہ اعتماد، محمد عبدالعلیم صدیقی اسٹاف رپورٹر قاصد ہند، حکم شرفی، نصیر اللہ حضرمی، اسماعیل قیصر اور دیگر محبان اردو موجود تھے۔

بعد ازاں اس کارواں نے بزم کہکشاں کا رخ کیا جہاں شعری محفل سجائی گئی اور رکنیت سازی کا سلسلہ بھی چلا، اس کے بعد کاروان اردو جڑچرلہ میں مولانا سلطان چشتی کی قیام گاہ پہنچا جہاں مختلف نیوز چینلز اور اخبارات سے وابستہ میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ محبان اردونے رکنیت سازی کے سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون دیا، اس طرح یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details