سرینگر:جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے معروف بٹہ مالو بس اسٹینڈ پر کئی عارضی دکانوں کو منہدم کیا گیا۔ دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ بغیر نوٹس کے ہی ان کی دکانوں کو مسمار کیا گیا جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ بعض افراد نے غیر قانونی طور پر بٹہ مالو بس اسٹینڈ میں شیڈ نما دکانیں تعمیر کی تھیں جنہیں سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) نے منہدم کیا۔
متاثرہ دکانداروں نے بتایا کہ وہ ایس ڈی اے کو باضابط طورپر کرایہ ادا کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود ’’دکانوں کو غیر قانونی طریقے پر منہدم کرکے درجنوں افراد کے پیٹ پر لات ماری گئی۔‘‘ دکانداروں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بغیر نوٹس کے ہی ایس ڈی اے نے غریبوں کی دکانوں کو مسمار کر دیا جو ناقابل برداشت ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط کے تحت دکانداروں کو پہلے نوٹس دی جانی چاہیے تھی تاکہ وہ اپنا سامان وہاں سے نکال سکیں تاہم حکام نے اس کے برعکس کیا جس وجہ سے دکانداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔