سرینگر (جموں و کشمیر):ہاؤسنگ اور شہری ترقی کی مرکزی وزارت نے ملک میں 27 نئی میٹرو لائنیز بچھانے کی تجویز پیش کی ہے اور اس میں سرینگر اور جموں شہر میں بھی میٹرو کی تجویز کی گئی ہے۔ ان مجوزہ میٹرو لائنز کو شہری ترقی کی وزارت مرحلہ وار منظوری دے گی، جس کے بعد اسے حتمی منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ سرینگر اور جموں شہر میں لائٹ میٹرو کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) فروری 2022 میں مرکزی سرکار کو پیش کی گئی تھی۔
سرینگر اور جموں میں لائٹ میٹرو پروجیکٹ کے لیے ریل انڈیا ٹیکنیکل اینڈ اکنامک سروس لمیٹڈ (رائٹز) کی جانب سے تیار کردہ ڈی پی آر مرکزی سرکار کو بھیج دیا گیا تھا۔ اس کے مطابق اس پروجیکٹ پر تقریباً 10599 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ پہلے مرحلے میں جموں کے بنتلاب سے بڑی برہمنہ تک لائٹ میٹرو چلانے کی تجویز ہے اور اگلے مرحلے میں اسے وجے پور ایمس تک لے جانے کا مطالبہ بھی جموں پونچھ کے رکن اسمبلی جگل کشور شرما نے پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے۔ مرکز نے اسے وجے پور ایمس لے جانے کا بھی یقین دلایا تھا۔
21 دسمبر 2021 کو مرکزی ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے یقین دلایا تھا کہ ریاست میں لائٹ میٹرو جلد شروع ہو جائے گی۔ پوری، جو یہاں جموں و کشمیر ریئل اسٹیٹ سمٹ میں شرکت کے لیے آئے تھے، نے کہا تھا کہ جموں اور سرینگر کے شہروں میں میٹرو ریل پروجیکٹس کی تجاویز پبلک انویسٹمنٹ بورڈ سے منظوری کے آخری مراحل میں ہیں۔ مرکزی سرکار جموں کے مضافات میں مجوزہ ایمس اسپتال تک میٹرو پروجیکٹس کو توسیع دینے کے مطالبے پر بھی غور کرے گی۔
میٹرو سروس شہر سے ملحقہ بنتلاب علاقے سے شروع ہوگی جو چننور، روپ نگر، جانی پور ہائی کورٹ، لوئر لکشمی نگر، امبھالا، سیکریٹریٹ، رگھوناتھ مندر، نمائش گراؤنڈ، یونیورسٹی مارگ، پانامہ چوک، ریلوے اسٹیشن، تریکوٹہ نگر، ناروال، گریٹر کیلاش جائیں گے۔ یہ میٹرو کا پہلا مرحلہ ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں میٹرو ادے والا، تیرتھ نگر، سورج نگر، سرکٹ ہاؤس، جیول چوک، نمائش گراؤنڈ، کالوچک، سڈکو چوک، بڑی برہمنہ اور تیسرے مرحلے میں بڑی برہمنہ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ پہلے مرحلے کے سترہ کلومیٹر میٹرو روٹ میں سترہ اسٹیشن، دوسرے مرحلے میں چھ کلومیٹر کے روٹ میں چھ اسٹیشن جب کہ تیسرے مرحلے میں پانچ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس میٹرو کے لیے نیٹ ورک بچھانے کا کام میٹروپولیٹن ریجنل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔