ریاسی (جموں کشمیر) :کٹرا کے معروف ماتا ویشنو دیوی مندر میں پوتر گپھا اور مندر کے درشن کے لیے آنے والے شرددھالوؤں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سال یہاں آنے والے یاتریوں کی تعداد نے سال 2022 کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نئے سال تک شرددھالوؤں کی مسلسل آمد سے کاروباری طبقے میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس کے علاوہ شرائن بورڈ نے بھی عقیدت مندوں کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا ہے۔
سال 2022 میں ماتا ویشنو دیوی مندر میں کل 91 لاکھ 24,970 شرددھالوؤں ماتا کے دربار میں حاضر ہوئے تھے۔ ماں بھگوتی کے درشن کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کی تعداد سال بہ سال بڑھتی جا رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں اتوار کو سال 2022 کے عقیدت مندوں کی تعداد کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ موصولہ اعداد و شمار کے مطابق اتوار کی صبح تک 91.25 لاکھ عقیدت مندوں نے آر ایف آئی ڈی کے ذریعے یاترا کی رجسٹریشن کرائی ہے اور ویشنو دیوی بھون کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس سال تقریباً ایک کروڑ عقیدت مند ماتا وشنو دیوی کے دربار میں پوجا کرنے آئیں گے۔ جس کے لیے انتظامی سطح پر تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔